تاریخ کے آئینے میں 8 فروری: مجاہد آزادی، سیاست داں، ماہر قانون و مشہور ادیب کے ایم منشی کا انتقال
8 فروری 1971 کو کنہیا لال مانک لال منشی کا 84 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ 29 دسمبر 1887 کو بھروچ (گجرات) میں پیدا ہوئے کنہیا لال منشی مجاہد آزادی، سیاست داں، ماہر قانون اور مشہور ادیب تھے جنہوں نے بمبئی کے وزیر داخلہ، اتر پردیش کے گورنر کے طور پ
کنہیا لال مانک لال منشی


8 فروری 1971 کو کنہیا لال مانک لال منشی کا 84 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ 29 دسمبر 1887 کو بھروچ (گجرات) میں پیدا ہوئے کنہیا لال منشی مجاہد آزادی، سیاست داں، ماہر قانون اور مشہور ادیب تھے جنہوں نے بمبئی کے وزیر داخلہ، اتر پردیش کے گورنر کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دیں۔ وہ حکومت ہند کے وزیر خوراک کے عہدے پر بھی رہے۔ انہوں نے ممبئی میں بھارتیہ ودیا بھون کا قیام عمل میں لایا۔ اس کے ساتھ ہی ان کی ادبی خدمات قابل ذکر ہیں۔

سردار ولبھ بھائی پٹیل کی قیادت میں 1928 کے باردولی ستیہ گرہ میں کنہیا لال منشی جی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے 1930 میں مہاتما گاندھی کے نمک ستیہ گرہ میں اہلیہ کے ساتھ شرکت کی۔ نمک ستیہ گرہ میں حصہ لینے کے سبب انہیں چھ مہینے کی قید بھگتنی پڑی۔ 1931 میں سول نافرمانی کی تحریک میں حصہ لینے کی سزا کے طور پر انہیں دو سال کی سزا سنائی گئی۔ 1937 میں کنہیا لال منشی کو اس وقت کی بمبئی پریزیڈنسی کی پہلی منتخب حکومت میں وزیر کے عہدے پر مقرر کیا گیا۔

نومبر 1938 میں انہوں نے بھارتیہ ودیا بھون کا قیام عمل میں لایا تاکہ ہندوستان کے حال اور مستقبل کو ہندوستان کے ثقافتی اور نظریاتی نشاۃ ثانیہ سے سنوارا جا سکے۔ 1938 میں منشی اور ان کے تین دوستوں کی طرف سے دیے گئے 250 روپے فی سال کے تعاون سے قائم بھارتیہ ودیا بھون کے آج پوری دنیا میں تقریباً 120 مراکز اور ان سے منسلک 350 سے زیادہ تعلیمی ادارے ہیں۔ بھون سے متعلق کئی اداروں میں انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینجمنٹ، مواصلات و صحافت، سائنس، آرٹس و کامرس کی پڑھائی کا انتظام ہے۔

1947 میں حیدرآباد کے نظام نے اپنی ریاست کو آزاد ملک کی شناخت دینے کی مانگ کی تو اسے سلجھانے کے لیے حکومت ہند نے کے ایم منشی کو حیدرآباد میں حکومت ہند کا نمائندہ (ایجنٹ جنرل) مقرر کیا۔ حیدرآباد ریاست کے ہندوستان میں انضمام کے بعد اس وقت کے وزیر داخلہ سردار پٹیل نے اس مہم میں منشی کے اہم کردار کی بہت تعریف کی۔

ڈاکٹر راجندر پرساد کے صدر جمہوریہ منتخب ہونے کے بعد منشی مرکزی کابینہ میں ان کی جگہ پر وزیر زراعت و خوراک بنے۔ اسی دوران انہوں نے ماحولیات اور جنگلات کے تحفظ کے لیے کئی موثر کوششیں شروع کیں۔ ہر سال جولائی میں منعقد ’ون مہوتسو‘ کنہیا لال منشی کی انہی کوششوں کی دین ہے۔

آزاد ہندوستان میں سومناتھ مندر کی تعمیر نو بھی کے ایم منشی کے ایجنڈے پر تھی۔ 1952 سے 1957 تک کنہیا لال منشی اترپردیش ریاست کے گورنر رہے۔ 1959 میں کے ایم منشی کانگریس کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر چکرورتی راج گوپالا چاری کی سوتنتر پارٹی میں شامل ہو گئے۔ اس کے کچھ وقت بعد انہوں نے بھارتیہ جن سنگھ کی رکنیت اختیار کر لی۔

کنہیا لال منشی کی ادبی حصولیابیاں نمایاں ہیں۔ انہوں نے ینگ انڈیا اخبار کی ادارت اور منشی پریم چند کے ساتھ ہنس رسالے کی ادارت کی۔ انہوں نے گجراتی، ہندی و انگریزی میں سو سے زیادہ بہترین کتابوں کی تخلیق کی۔ انہوں نے سردار پٹیل کے ساتھ مل کر آنند میں انڈین ایگریکلچرل انسٹی ٹیوٹ کا قیام کیا، جو آج ایک مکمل یونیورسٹی ہے۔

دیگر اہم واقعات:

1238 - منگولوں نے ولادیمیر نامی روسی شہر کو آگ کے حوالے کیا۔

1265 - ’ایل خانی سلطنت‘ کا بانی ہلاکو خان کا انتقال ہوا۔

1785 - 1774 سے 1785 تک گورنر جنرل رہے وارین ہیسٹنگس نے ہندوستان چھوڑا۔

1872 - انڈمان جیل (سیلولر جیل یا ’کالا پانی‘) میں شیر علی نے گورنر پر حملہ کر کے شہادت حاصل کی۔

1897 - آزاد ہندوستان کے تیسرے صدر جمہوریہ ڈاکٹر ذاکر حسین پیدا ہوئے۔

1905 - ہیٹی اور اس کے آس پاس کے جزائر پر آئے زبردست سمندری طوفان سے دس ہزار لوگوں کی موت۔

1909 - یورپی ملک فرانس اور جرمنی کے درمیان مراکش معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

1925 - مشہور ہندوستانی ٹھمری گلوکارہ شوبھا گرٹو پیدا ہوئیں۔

1941 - مشہور غزل گلوکار جگجیت سنگھ پیدا ہوئے۔

1943 - مجاہد آزادی نیتا جی سبھاش چندر بوس جرمنی کے کیل سے ایک کشتی کے ذریعے جاپان کے لیے روانہ ہوئے۔

1963 - ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کانگریس لیڈر اظہر الدین محمد پیدا ہوئے۔

1971 - جنوبی ویتنامی فوج نے لاوس پر حملہ کیا۔

1979 - امریکہ نے نیواڈا میں ایٹمی تجربہ کیا۔

1986 - دہلی ہوائی اڈے پر پہلی بار پری پیڈ ٹیکسی سروس شروع کی گئی۔

1986 - ہندوستانی خاتون کرکٹر ایکتا بشٹ پیدا ہوئیں۔

1994 - کرکٹر کپل دیو نے ٹیسٹ میچوں میں 432 وکٹ لے کر رچرڈ ہیڈلی کے سب سے زیادہ وکٹ لینے کے عالمی ریکارڈ کو توڑا۔

1999 - امریکی خلائی جہاز اسٹار ڈسٹ کینیڈی خلائی مرکز سے روانہ۔

2002 - ہندوستان و روس کے درمیان چار دفاعی معاہدے ہوئے، طیارہ بردار بحری جہاز گورشکوف کا سودا اٹکا۔

-امریکہ کے سالٹ لیک سٹی میں 19ویں سرمائی اولمپک کھیل شروع۔

2005 - اسرائیل اور فلسطین کے درمیان شرم الشیخ (مصر) سربراہی اجلاس میں تشدد ختم کرنے کا اعلان۔

2006 - سیول میں ہندوستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تین معاہدے ہوئے۔

2007 - بھوٹان نریش کا پہلا ہندوستانی دورہ۔

2008 - بنگلور واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کے سینئر سائنسداں شانتنو بھٹاچاریہ، جی ڈی برلا ایوارڈ سے سرفراز۔

-اڈیشہ کے شیشو پال گڑھ میں کھدائی کے دوران 2500 سال پرانا شہر ملا۔

2009 - سابق فوجیوں نے حکومت کی بے رخی سے ناراض ہو کر اپنے تمغے صدر جمہوریہ کو لوٹائے۔

2010 - سری نگر کے پاس کھلن مرگ علاقے میں برفانی تودہ گرنے (ایوالانچ) سے فوج کے ہائی ایلٹی ٹیوڈ وارفیئر اسکول کے 350 جوان برف کے نیچے دب گئے۔ ان میں سے 70 فوجیوں کو محفوظ نکال لیا گیا جبکہ 11 فوجیوں کی لاشیں نکالی گئیں۔

2014 - سعودی عرب کے مدینہ شہر میں ایک ہوٹل میں آگ کے سبب 15 لوگوں کی موت جبکہ 130 لوگ زخمی ہوئے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande