
شاہد کپور اور رشمیکا مندانا اس وقت اپنی فلم کاک ٹیل 2 کی وجہ سے خبروں میں ہیں، جس کی شوٹنگ حال ہی میں مکمل ہوئی۔ فلم میں کریتی سینن بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور شائقین اس نئی تکڑی کو بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ دریں اثنا، خبر ہے کہ شاہد اور رشمیکا ایک اور نئی فلم میں کام کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جب ان دونوں کو اس بغیر ٹائٹل پروجیکٹ کے لیے آفر موصول ہوئی تو انھوں نے فوراً قبول کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق اس فلم کی ہدایت کاری ’بدھائی ہو‘ اور ’میدان‘ کے ڈائریکٹر امیت رویندر ناتھ شرما کریں گے۔ فلم رومانس اور کامیڈی کا تازہ امتزاج پیش کرے گی۔ پروڈکشن سنیر کھیتراپال سنبھالیں گے، جو اسے ورملین ورلڈ بینر کے تحت جیو اسٹوڈیو کے ساتھ مل کر تیار کریں گے۔ سنیر اس سے قبل ’راکی ہینڈسم‘، ’بدلہ‘ اور ’فرے‘ جیسی فلمیں پروڈیوس کر چکے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس فلم کی شوٹنگ اس سال اگست یا ستمبر میں شروع ہو سکتی ہے۔ اس وقت شاہد کپور اپنی فلم ”او رومیو“ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو 13 فروری کو ریلیز ہونے والی ہے۔ انہوں نے اپنی مقبول ویب سیریز فرضی کے دوسرے سیزن کا بھی اشارہ دیا ہے، جس میں وہ ایک بار پھر سنی کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ دریں اثنا، رشمیکا مندانا بھی بڑے پروجیکٹس کا حصہ بن کر اپنے کیریئر کو نئی بلندیوں پر لے جا رہی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی