
نئی دہلی، 4 فروری (ہ س)۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ کے تحت تحقیق، ترقی اور اختراع کے لئےفنڈ کے لیے پہلی اوپن کال کا آغاز کیا۔ اس کا مقصد ہندوستانی ٹیکنالوجی کو لیب سے مارکیٹ میں منتقل کرنے میں مدد کرنا ہے۔
اس اسکیم کے تحت حکومت اب نجی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کو کم شرح سود پر طویل مدتی فنڈنگ فراہم کرے گی، تاکہ وہ نئی ٹیکنالوجی تیار کرکے اسے مارکیٹ میں لانچ کرسکیں۔
بدھ کو نیشنل میڈیا سینٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ اسکیم روایتی حکومتی فنڈنگ کے طریقہ کار سے الگ ہے۔ اب تک، حکومت نے زیادہ ترسی ایس آر یا عطیات کے ذریعے اختراع کو فروغ دیا ہے، لیکن اب سرکاری مدد براہ راست نجی شعبے کو فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فنڈ کا کل حجم ایک لاکھ کروڑ روپے ہے۔ اس اسکیم کے تحت قرضے 15 سال تک کی مدت کے لیے 2 سے 4 فیصد شرح سود پر دستیاب ہوں گے۔ کسی ضمانت کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس اسکیم کے ذریعے، حکومت اسٹارٹ اپس اور کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے جو اے آئی ، انرجی، اور ڈیپ ٹیک جیسے شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ یہ فنڈ ان ٹیکنالوجیز کے لیے ہے جو کم از کم ٹی آر ایل-4 کی سطح تک پہنچ چکی ہیں۔
وزیر نے کہا کہ پہلی کال میں اب تک 191 تجاویز موصول ہوئی ہیں، جن میں سے زیادہ تر نجی شعبے سے آئی ہیں۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ صنعت کو حکومت کے اس اقدام پر اعتماد ہے۔
اس پروگرام میں ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ بورڈ اور محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
حکومت نے اختراع کاروں، صنعتوں اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اسکیم کے بارے میں معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں، تاکہ ملک بھر کی اہل کمپنیاں اس کے فوائد حاصل کرسکیں۔
قابل ذکر ہے کہ آر ڈی آئی فنڈ کو جولائی 2025 میں کابینہ کی منظوری ملی تھی اور اسے نومبر 2025 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے شروع کیا تھا۔ یہ فنڈ مقامی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور ہندوستان کی اختراع پر مبنی معیشت کو مضبوط بنانے کے طویل مدتی منصوبے کا حصہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد