
ممبئی، 24 فروری (ہ س)۔ شمرون ہیٹمائر کی طوفانی 34 گیندوں میں 85 رنوں کی اننگز اور گڈاکیش موتی کی چار وکٹوں کی بدولت ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنوں سے کراری شکست دی۔ یہ مقابلہ آئی سی سی مینز ٹی 20 عالمی کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے میں ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
اسپن کو مدد دینے والی پچ پر ہیٹمائر نے سات چوکے اور سات چھکے لگاتے ہوئے 34 گیندوں میں 85 رں بنا لئے۔ ان کی دھماکہ خیز بلے بازی کے دم پر ویسٹ انڈیز نے 20 اوورز میں 254/6 کا بڑا اسکور کھڑا کیا، جو اس ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اور ٹی 20 عالمی کپ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔
نمبر 2 پر بلے بازی کرتے ہوئے ہیٹمائر نے محض 19 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کر کے ویسٹ انڈیز کے لیے ٹی 20 عالمی کپ کی تیز ترین نصف سنچری بنائی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ کرس گیل (23 گیند، 2009) کے نام تھا۔
ہیٹمائر نے کپتان روومین پاول (35 گیندوں میں 59 رنز) کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 122 رنوں کی شراکت داری کی۔ دونوں نے صرف 45 گیندوں میں 100 رن جوڑ کر میچ کو پوری طرح یکطرفہ بنا دیا۔
255 رنوں کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے زمبابوے کا آغاز بے حد خراب رہا اور ٹیم تیسرے اوور میں 20/3 پر سمٹ گئی۔ کپتان سکندر رضا نے 20 گیندوں میں 27 رن بنا کر جدوجہد کی، جبکہ بریڈ ایونز نے 21 گیندوں میں 43 رن کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
اس کے باوجود رن ریٹ کا دباو بہت زیادہ تھا اور پوری ٹیم 17.4 اوورز میں 147 رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ لیگ مرحلے میں آسٹریلیا اور سری لنکا کو ہرانے والے زمبابوے کے لیے یہ کرارا جھٹکا رہا۔
گیند بازی میں گڈاکیش موتی نے 4/28 کی شاندار کارکردگی درج کی۔ عقیل حسین (3/28) اور میتھیو فورڈ (2/27) نے بہترین ساتھ دیا۔
اس بڑی جیت سے ویسٹ انڈیز کا نیٹ رن ریٹ +5 سے اوپر پہنچ گیا ہے، جس سے سیمی فائنل کی دوڑ مزید سنسنی خیز ہو گئی ہے۔ حالانکہ یہ مقابلہ پوری طرح ہیٹمائر کے نام رہا، جن کی دھماکہ خیز اننگز نے ویسٹ انڈیز کو خطاب کے مضبوط دعویداروں میں لا کھڑا کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن