
علی گڑھ،24 فروری (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ لسانیات کے چیئرپرسن پروفیسر ایم جے وارثی کو خصوصاً کمزور قبائلی گروہوں سے متعلق آئی سی سی ایس آر کا ملٹی ڈسپلینری اسٹڈیز پروجیکٹ تفویض کیا گیا ہے۔ پروجیکٹ کا عنوان ہے: ”راجی کمیونٹی میں زبان کو درپیش خطرہ، ثقافتی شناخت اور بین نسلی تبدیلی“، جس کے تحت معدومیت کے شدید خطرے سے دوچار راجی زبان کی دستاویز بندی کی جائے گی اور اس صورت حال کا تفصیلی تجزیہ کیا جائے گا۔ یہ زبان اتراکھنڈ اور مشرقی اترپردیش کے بعض علاقوں میں بولی جاتی ہے۔ تبّتی برمن لسانی کنبہ سے تعلق رکھنے والی یہ زبان اب صرف چند سو افراد تک محدود رہ گئی ہے اور تیزی سے زوال کی شکار ہے۔
اس مطالعے میں ایتھنولسانیاتی فیلڈ ورک کے ذریعہ زبان کی خصوصیات، زبانی روایات اور زبان میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے رجحانات کو ریکارڈ کیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ کا ہدف راجی کمیونٹی کے لسانی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنانا اور ہندوستان کے کثیر لسانی تناظر میں ثقافتی پائیداری کو فروغ دینا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ