
نئی دہلی، 24 فروری (ہ س)۔ مرکزی کابینہ نے منگل کو گجرات میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (جی ایم آر سی) کی موجودہ نارتھ-ساو¿تھ کوریڈور کو گفٹ سٹی سے شاہ پور تک 3.33 کلومیٹر تک توسیع دینے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ پروجیکٹ کی کل تخمینہ لاگت 1,067.35 کروڑ روپے ہے اور اسے تقریباً چار برسوں میں مکمل کرنے کا ہدف طے کیا گیاہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے اس سے متعلق تجویز کو منظوری دی۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے نیشنل میڈیا سینٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ پورا حصہ ایلیویٹڈ(اوپر سے گزرنے والا) ہوگا اور اس میں تین نئے ایلیویٹڈ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ یہ توسیع احمد آباد شہر اور گفٹ سٹی ایریا کے درمیان پبلک ٹرانسپورٹ کے رابطے کو مزید مضبوط کرے گی۔مجوزہ روٹ کے ارد گرد ملٹی نیشنل کمپنیاں، تعلیمی ادارے، تجارتی ادارے اور مجوزہ راستے کے ساتھ واقع رہائشی علاقے براہ راست مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے نفاذ کے ساتھ، اس راہداری سے 2029 تک تقریباً 23,702 مسافروں کی روزانہ استعمال متوقع ہے، جو 2041 تک بڑھ کر تقریباً 58,059 یومیہ ہو جائے گی۔ اس سے احمد آباد اور گفٹ ریجن کے درمیان کاروبار، روزگار اور تعلیمی سفر کو آسان اور تیز بنایا جائے گا۔ توسیع سے نیٹ ورک کا انضمام بہتر ہوگا اور شمال-جنوب کوریڈور کی مجموعی افادیت بڑھے گی۔ اس سے پرائیویٹ گاڑیوں پر انحصار کم ہو گا، ٹریفک دباو کم ہوگا اور ماحولیاتی فوائد حاصل ہوں گے۔
اس منصوبے سے تعمیراتی مرحلے کے دوران تقریباً 1,000 براہ راست ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ آپریشن اور دیکھ بھال کے مرحلے سے تقریباً 250 افراد کو مستقل روزگار ملے گا۔ اس کے ساتھ ہی ، تعمیر، فراہمی، خدمات اور معاون سرگرمیوں کے ذریعے بالواسطہ روزگار کے مواقع بھی بڑی تعداد میں پیدا ہوں گے ۔
اس پروجیکٹ کو گجرات میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (جی ایم آر سی ) کے ذریعے نافذ کیا جائے گا، جو حکومت ہند اور حکومت گجرات کے درمیان 50:50 کا مشترکہ منصوبہ ہے۔
فی الحال، احمد آباد میٹروکے تحت فیز- 1 اورفیز- 2 سمیت کل 68.28 کلومیٹر کا نیٹ ورک چلایا جا رہا ہے، جس میں53 اسٹیشن ہیں۔ فیز 1 (اے پی ایم سی سے موٹیرا اسٹیڈیم اور تھلتیج گام سے وسترال گام) ستمبر 2022 سے اور فیز 2 (موٹیرا اسٹیڈیم سے مہاتما مندر اورجی این ایل یو سے گفٹ سٹی) جنوری 2026 سے آپریشنل ہے۔ اس میٹرو نیٹ ورک کی موجودہ اوسط یومیہ سواری تقریباً1.6لاکھ مسافروں کی ہے۔
گفٹ سٹی سے شاہ پور تک یہ توسیع احمد آباد میٹروپولیٹن ریجن میں پائیدار، محفوظ اور جدید شہری نقل و حمل کے نظام کو مزید مضبوط کرے گی اور علاقائی اقتصادی سرگرمیوں کو ایک نئی رفتار فراہم کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد