مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام پنا میں سلسلہ کے تحت ادبی و شعری نشست منعقد
بھوپال، 22 فروری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی، سنسکرتی پریشد، محکمۂ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، پنا کے ذریعے ’’سلسلہ‘‘کے تحت ادبی و شعری نشست کا انعقاد 22 فروری 2026 کو مہارانی لکشمی بائی ہائی اسکول، پنا میں ضلع کوآرڈینیٹر سریش سوربھ کے
پنا میں سلسلہ کے تحت ادبی و شعری نشست منعقد


بھوپال، 22 فروری (ہ س)۔

مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی، سنسکرتی پریشد، محکمۂ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، پنا کے ذریعے ’’سلسلہ‘‘کے تحت ادبی و شعری نشست کا انعقاد 22 فروری 2026 کو مہارانی لکشمی بائی ہائی اسکول، پنا میں ضلع کوآرڈینیٹر سریش سوربھ کے تعاون سے کیا گیا۔

پنا میں منعقدہ ’’سلسلہ‘‘ کے لیے مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پنّا کی تاریخی اور ادبی سرزمین نے ہمیشہ تخلیقی صلاحیتوں کا احترام کیا ہے۔ یہاں کی ثروت مند روایت، جو متعدد مشہور شعرا و ادبا کی تخلیقی موجودگی سے مستحکم ہوئی ہے، آج بھی ادبی شعور کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ اس سرزمین کا ماحول روحانیت اور ادب کے خوبصورت امتزاج سے مالا مال ہے، جو تخلیقی قوت کو نئی توانائی بخشتا ہے۔ مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کی طرف سے یہاں منعقد ’سلسلہ‘ کا مقصد صرف ادبی و شعری نشست تک محدود نہیں ہے، بلکہ ہمیں یقین ہے کہ ایسے پروگرام نہ صرف مقامی تخلیق کاروں کو مفید پلیٹ فارم فراہم کریں گے، بلکہ نوجوان نسل کو بھی اپنی زبانی اور ثقافتی وراثت سے قلبی طور پر جوڑنے کا کام کریں گے۔

پنا ضلع کے کوآرڈینیٹر سریش سوربھ نے بتایا کہ سلسلہ کے تحت دوپہر 2.00 بجے ادبی و شعری نشست کا انعقاد ہوا جس کی صدارت پنا کے سینئر شاعر جگدیش کشواہا پربودھ نے کی۔ وہیں مہمانان ذی وقار کے طور پر اسنیہ لتا ریلے، مکیش کمار پانڈے اور لکشمی ناراین چنتک اسٹیج پر جلوہ افروز رہے۔ اس موقع پر سینئر صحافی لکشمی ناراین چنتک نے ’’پنا کا ادبی منظرنامہ‘‘ موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریتی کال میں بندیل کھنڈ کے پنا ضلع میں سب سے زیادہ قلم کاروں کا ظہور ہوا۔ مہاراجہ چترسال کے دورِ حکومت سے ہی یہاں ایک ثروت مند ادبی روایت کی بنیاد رکھی گئی، جو ان کے دربار میں کوی بھوشن، لال کوی جیسے مفکرین کی موجودگی سے مزید مستحکم ہوئی۔ یہ روایت مہامتی پران ناتھ (سوامی پران ناتھ) سے گہرائی سے جڑی رہی ہے۔ اس وقت سے لے کر آج تک پنا ضلع میں تقریباً 400 سے زیادہ قلم کار ہوئے ہیں، جنہوں نے مختلف ادبی اصناف میں اپنا قلمی تعاون دیا ہے۔

شعری نشست میں جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان میں محمد صادق قریشی ’صادق‘، سید فرحان وافی، جگدیش کشواہا پربودھ، رام کشور ضمیر، پیوش مشرا، مکیش کمار پانڈے چندن، جے دیپ سنگھ سرس، آشیش پانڈے، رگھوویر تیواری یوگی، رام نیواس ساتھی، دیپالی پانڈے دیا اور پوجا ترپاٹھی کے نام شامل ہیں۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ضلع کوآرڈینیٹر سریش سوربھ نے بحسن خوبی انجام دیے۔ پروگرام کے آخر میں انھوں نے تمام مہمانوں، تخلیق کاروں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande