
واشنگٹن،یکم فروری(ہ س)۔صدر امریکی، ڈونلڈ ٹرمپ کہا ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ سنجیدگی سے بات کر رہا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ تہران کسی قابل قبول چیز پر مذاکرات کرے گا۔یہ بیان انہوں نے واشنگٹن سے فلوریڈا کے سفر کے دوران صدارتی طیارے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے دیا۔ہفتے کے روز ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ایران ہم سے بات کر رہا ہے۔ انہوں نے فاکس نیوز کو بتایا کہ تہران ہم سے بات کر رہا ہے، دیکھیں گے کہ ہم کچھ کر سکتے ہیں یا نہیں، ورنہ دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک بڑا بحری بیڑا وہاں جا رہا ہے۔ وہ (ایرانی)مذاکرات کر رہے ہیں۔ادھر ایران کی اعلیٰ قومی سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے بتایا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ مصنوعی میڈیا جنگ کی فضا کے برعکس، مذاکرات کے ڈھانچے کی تیاری جاری ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔دوسری جانب امریکی حکام نے ایران کے ساتھ سفارتی حل کے امکانات کو کم تر ظاہر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانیوں نے امریکی شرائط قبول کرنے کی حقیقی آمادگی نہیں دکھائی۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتوں میں امریکی صدر نے ایران پر حملے کی دھمکیاں بڑھا دی ہیں اور مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی کو مضبوط کیا ہے۔ اسی سلسلے میں امریکہ نے ایران کےخلاف ممکنہ کارروائی کے لیے ابراہم لنکن ایئر کرافٹ کیریئر بھی مشرق وسطیٰ میں تعینات کیا ہے۔دوسری جانب تہران نے بھی اپنی وارننگ کی سطح بلند کر دی ہے اور کسی بھی امریکی حملے کے فوری اور سخت جواب کی دھمکی دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan