
واشنگٹن، 9 نومبر(ہ س)۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی بدترین شکست کی وجوہات بیان کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ایران جنگ، پٹرول کی بڑھتی قیمتوں اور اسرائیل کے خلاف امریکی عوام میں پائے جانے والے منفی جذبات نے انتخابی نتائج پر گہرا اثر ڈالا۔ٹرمپ نے اتوار کو سی بی ایس نیوز کے پروگرام ’60 منٹس‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ امریکی عوام جنگ کے حق میں نہیں تھے اور انہیں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ بھی پسند نہیں آیا۔ انہوں نے اسرائیل کے حوالے سے کہا کہ امریکی عوام میں اس کے خلاف ’’انتہائی شدید ناپسندیدگی‘‘ پائی جاتی ہے۔ ٹرمپ کے مطابق جنگ، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور اسرائیل مخالف جذبات ریپبلکن پارٹی کی شکست کی بنیادی وجوہات ہیں۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ خود انتخابی میدان میں امیدوار ہوتے تو نتائج بالکل مختلف ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران ان کی ریلیوں میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے، لیکن ان کی مقبولیت کو ریپبلکن امیدواروں کی حمایت میں تبدیل نہیں کیا جا سکا۔ٹرمپ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اگر انہیں دوبارہ فیصلہ کرنے کا موقع ملے تو وہ پھر یہی قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکہ جنگ جیت چکا ہے اور ایران معاہدہ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ تاہم، انہوں نے فی الحال جنگ میں مزید شدت پیدا کرنے کا ارادہ ظاہر نہیں کیا۔واضح رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ، دونوں میں برتری حاصل کرکے ریپبلکن پارٹی کو بڑا سیاسی جھٹکا دیا ہے۔ اس شکست کے بعد صدر ٹرمپ کی پالیسیوں، خصوصاً ایران جنگ اور اس کے نتیجے میں بڑھنے والی مہنگائی پر ریپبلکن پارٹی کے اندر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan