دہلی میں منگل سے یمنا ریور کروز سروس کا آغاز، مرکزی وزیر سربانند سونووال کریں گے افتتاح
نئی دہلی، 09 نومبر (ہ س)۔ دہلی میں چھٹھ مہاپرو سے قبل منگل کو ’یمنا ریور کروز سروس‘ کا افتتاح بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال سونیا وہار میں منعقدہ ایک تقریب میں کریں گے۔ اس موقع پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر سردار ترن
YAMUNA-CRUISE-SERVICE-10-NOV


نئی دہلی، 09 نومبر (ہ س)۔ دہلی میں چھٹھ مہاپرو سے قبل منگل کو ’یمنا ریور کروز سروس‘ کا افتتاح بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال سونیا وہار میں منعقدہ ایک تقریب میں کریں گے۔ اس موقع پر دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر سردار ترنجیت سنگھ سندھو، وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، مرکزی وزیر مملکت شانتا نو ٹھاکر اور ہرش ملہوترا، دہلی کے پانی کے وسائل کے وزیر پرویش صاحب سنگھ، وزیر سیاحت کپل مشرا اور رکن پارلیمنٹ منوج تیواری بھی موجود رہیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی کی وزیر اعلیٰ نے 26 اکتوبر کو سونیا وہار سے جگت پور تک کروز سروس کا آزمائشی سفر کیا تھا۔ سونیا وہار سے جگت پور تک تقریباً چھ کلومیٹر طویل آبی راستے پر تیار کی جا رہی یہ کروز سروس دہلی میں سیاحت کے نئے امکانات پیدا کرے گی۔ اس سے مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔ دریا کے اطراف دستیاب سہولتوں کو فروغ دے کر اس علاقے کو دہلی کے باشندوں کے لیے ایک پرکشش سیاحتی اور تفریحی مقام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت مسافروں کی سہولت کے لیے فوڈ کیوسک، ریستوراں، بچوں کے لیے کڈز زون اور دیگر ضروری عوامی سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

فی الحال 30 مسافروں کی گنجائش والا یہ کروز سونیا وہار سے جگت پور میں واقع شنی مندر تک آنے جانے کا پورا سفر تقریباً 35 سے 45 منٹ میں مکمل کرے گا۔ مسافروں کے لیے تیار کیے گئے انتظامات کے تحت احاطے میں داخلے کی فیس 50 روپے اور کروز کے ایک مکمل سفر کا مجوزہ کرایہ 500 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

اس منصوبے میں بھارتی اندرون ملک آبی گزرگاہ اتھارٹی، دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے)، دہلی ٹورزم اینڈ ٹرانسپورٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ڈی ٹی ٹی ڈی سی)، محکمہ آب پاشی و سیلاب کنٹرول اور دہلی جل بورڈ سمیت متعلقہ ادارے شامل ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande