
کٹنی/سیونی، 9 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں دیوالی کی رات دو خاندانوں کے لیے زندگی کا سب سے دردناک حادثہ بن گئی۔ کٹنی ضلع کے برہی اور سیونی ضلع کے چھپارا میں مکانوں میں لگی بھیانک آگ نے 12 افراد کی جان لے لی۔ مرنے والوں میں 4 خواتین، 3 مرد اور 5 بچے شامل ہیں۔ کٹنی میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں دو ماہ کا معصوم بچہ بھی شامل ہے۔ وہیں سیونی کے چھپارا میں بھی ایک خاندان کے 6 افراد آگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ دونوں حادثات میں مکانوں کے اندر موجود مجموعی طور پر 20 افراد میں سے 8 کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ ان واقعات کے بعد دونوں علاقوں میں غم و اندوہ کی فضا ہے۔
کٹنی ضلع کے برہی میں دیوالی کی رات تقریباً 12 بجے پورن اگروال کی کراکری کی دکان میں اچانک آگ لگ گئی۔ دکان سے متصل تین منزلہ عمارت میں دیکھتے ہی دیکھتے آگ پھیل گئی۔ آگ اور دھوئیں کے باعث مکان میں موجود خاندان کے افراد باہر نہیں نکل سکے۔اس حادثے میں 77 سالہ پورن اگروال، ان کی اہلیہ چندرکلا (74)، بہو پونم، 14 سالہ آریا، 6 سالہ انوی اور دو ماہ کے معصوم بچے کی موت ہوگئی۔
حادثے کے دوران ریتیش اگروال اور ان کی بھابھی کسی طرح مکان سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ دونوں نے آگ کے شعلے دیکھ کر شور مچایا، لیکن اس وقت تک آگ عمارت کے بڑے حصے میں پھیل چکی تھی۔ خاندان کے دیگر افراد اندر ہی پھنسے رہ گئے۔
آگ لگنے کے بعد رات بھر راحت اور بچاؤ کا آپریشن جاری رہا۔ صبح تقریباً 4:30 بجے پورن اگروال کو باہر نکالا گیا۔ اس کے بعد صبح تقریباً 6:30 بجے جے سی بی کی مدد سے مکان کی دیوار توڑ کر خاندان کے دیگر 5 افراد کو باہر نکالا گیا۔ ان میں دو ماہ کا معصوم بچہ بھی شامل تھا۔ تاہم، تب تک تمام 6 افراد کی موت ہوچکی تھی۔
برہی میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعے کے بعد فائر بریگیڈ کے انتظامات پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ مقامی معلومات کے مطابق، نگر پریشد برہی کی فائر بریگیڈ کی گاڑی آگ لگنے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد رات ایک بجے موقع پر پہنچی، لیکن اس کی پائپ پھٹی ہوئی تھی۔
تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد وجے راگھو گڑھ سے دوسری فائر بریگیڈ کی گاڑی پہنچی، لیکن اس کی پائپ میں بھی خرابی بتائی گئی۔ اس کے بعد کیمور اور کٹنی سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کی گئیں۔فائر بریگیڈ کی گاڑیوں میں تکنیکی خرابیوں کے باعث آگ بجھانے کی کوششوں میں دشواری پیش آئی۔ جے سی بی کی مدد سے دیوار توڑ کر بچاؤ آپریشن چلایا گیا۔ اس دوران برہی کے مقامی نوجوانوں نے بھی محاذ سنبھالا اور راحت و بچاؤ کے کام میں مدد کی۔
واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے فائر بریگیڈ کے انتظامات اور انتظامیہ کی تیاریوں پر ناراضگی ظاہر کی۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ حادثے کے باوجود صبح تقریباً 4 بجے تک انتظامیہ کے سینئر افسران موقع پر موجود دکھائی نہیں دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیوالی جیسے بڑے تہوار پر آگ سے بچاؤ کے لیے مناسب انتظامات ہونے چاہیے تھے۔دوسرا حادثہ سیونی ضلع کے چھپارا تھانہ علاقے کے مہاویر وارڈ نمبر 7 میں پیش آیا۔ یہاں جین مندر کے قریب صرافہ تاجر کندن سونی کے مکان میں پیر کی صبح تقریباً 4 سے 4:30 بجے کے درمیان آگ لگ گئی۔حادثے کے وقت گھر میں خاندان کے مجموعی طور پر 10 افراد موجود تھے۔ آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث 6 افراد اندر ہی پھنس گئے، جبکہ 4 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
اس حادثے میں کندن لال سونی (75)، راجکماری سونی (65)، ریتو سونی (42)، اسمرتی سونی (40)، سوریا سونی (45) اور آدتیہ سونی (16) کی موت ہوگئی۔وہیں، امایرا سونی (7)، ریتیش سونی (45)، سوربھ سونی (43) اور آکرش سونی (14) کو بحفاظت بچا لیا گیا۔اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم، فائر بریگیڈ کے پہنچنے تک آگ مکان میں پھیل چکی تھی۔ بچاؤ ٹیم نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی اور اندر پھنسے افراد کو باہر نکالا۔تمام مہلوکین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔ فی الحال آگ لگنے کی اصل وجہ واضح نہیں ہوسکی ہے۔ شارٹ سرکٹ یا دیگر ممکنہ وجوہات کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan