اپ ڈیٹ۔۔۔۔۔۔ مدھیہ پردیش کے کٹنی اور سیونی میں آتشزدگی کے دو واقعات میں 12 افراد زندہ جل کر ہلاک، وزیر اعلیٰ نے حادثات پر غم کا اظہار کیا
مہلوکین کے اہل خانہ کو 4-4 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کی ہدایت بھوپال، 9 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع کٹنی کے برہی اور ضلع سیونی کے چھپارا میں دیوالی کے تہوار کے دوران اتوار کی رات آگ لگنے کے دو افسوسناک واقعات میں دو خاندانوں کے 12 افراد ز
آگ


- مہلوکین کے اہل خانہ کو 4-4 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کی ہدایت

بھوپال، 9 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع کٹنی کے برہی اور ضلع سیونی کے چھپارا میں دیوالی کے تہوار کے دوران اتوار کی رات آگ لگنے کے دو افسوسناک واقعات میں دو خاندانوں کے 12 افراد زندہ جل کر ہلاک ہوگئے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے دونوں حادثات میں دو خاندانوں کے افراد کی موت پر اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مہلوکین کے اہل خانہ کو مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ یہ واقعہ انتہائی دل دہلا دینے والا ہے۔ انہوں نے تمام مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مہلوکین کے اہل خانہ کو 4-4 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے خدا سے دعا کی کہ وہ مرنے والوں کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور غمزدہ اہل خانہ کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔

دراصل، ریاست میں دیوالی کے موقع پر کٹنی ضلع کے برہی میں تین منزلہ مکان میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ہوگئی۔ ان میں دو ماہ کا معصوم بچہ، دو بچیاں، ان کی والدہ اور دادا دادی شامل ہیں۔ وہیں سیونی میں ایک صرافہ تاجر کے مکان میں آگ لگنے سے 6 افراد کی جان چلی گئی۔ دونوں مقامات پر کچھ لوگ کسی طرح باہر نکل کر اپنی جان بچانے میں کامیاب رہے۔ دونوں ہی مقامات پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

پولیس کے مطابق کٹنی ضلع کے برہی میں دیوالی کی رات تقریباً 12 بجے پورن اگروال کی کراکری کی دکان میں اچانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ تین منزلہ عمارت میں پھیل گئی۔ اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ہوگئی۔ مہلوکین میں 77 سالہ پورن اگروال، ان کی اہلیہ چندرکلا، بہو پونم اور خاندان کے تین بچے شامل ہیں۔ ان بچوں میں 14 سالہ آریہ، 6 سالہ انوی اور دو ماہ کا معصوم بچہ شامل ہے۔ حادثے کے دوران ریتیش اگروال اور ان کی بھابھی بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔ اطلاع ملتے ہی برہی، وجے راگھو گڑھ، کیمور اور کٹنی میونسپل کارپوریشن کی فائر بریگیڈ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ مقامی لوگوں اور نوجوانوں نے بھی آگ بجھانے میں مدد کی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی کٹنی کے ضلع کلکٹر آشیش تیواری اور پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھینو وشوکرما سمیت انتظامی افسران موقع پر پہنچے۔ اس دوران مقامی لوگوں نے افسران کے سامنے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملازمین سنجیدگی سے کام نہیں کرتے۔ لوگوں نے فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسپتال کے ناقص انتظامات پر بھی ناراضگی ظاہر کی۔

اس پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ یہ ایک ایسا نقصان ہے جس کی تلافی ممکن نہیں اور میں اس کے لیے معذرت خواہ ہوں۔ موقع پر چار چار فائر بریگیڈ گاڑیاں موجود ہونے کے باوجود ہم 6 زندگیاں نہیں بچا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں ایسی غلطی دوبارہ نہیں دہرائی جائے گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تمام فائر فائٹرس کو بہتر تربیت دینے کے لیے ناگپور کے فائر انسٹی ٹیوٹ بھیجا جائے گا۔

وہیں سیونی ضلع کے چھپارا میں دیوالی کی رات ایک صرافہ تاجر کے مکان میں آگ لگ گئی۔ واقعے کے وقت مکان میں خاندان کے کل 10 افراد موجود تھے۔ ان میں سے چار افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا، جبکہ 6 افراد کی جان چلی گئی۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لیکن تب تک آگ پورے مکان میں پھیل چکی تھی۔

اس حادثے میں کندن لال سونی (75)، راج کماری سونی (65)، ریتو سونی (42)، اسمرتی سونی (40)، سوریہ سونی (45) اور آدتیہ سونی (16) کی موت ہوگئی۔ وہیں امائرا سونی (7)، ریتیش سونی (45)، سوربھ سونی (43) اور آکرش سونی (14) کو بحفاظت بچا لیا گیا۔

سیونی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کرشن لال چندانی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کا شبہ ہے۔ جائے وقوعہ پر بجلی کے تار بری طرح جلے ہوئے ملے ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں گی۔

اجین میں بھی دکانوں میں آگ لگنے سے ایک بزرگ کی موت

ادھر دیوالی کی رات ایک اور واقعہ اجین میں بھی پیش آیا۔ یہاں ناگ جھری علاقے میں دو منزلہ مکان کے نیچے بنی دو دکانوں میں اچانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ اور دھواں اوپر واقع مکان تک پہنچ گیا۔ اس وقت مکان میں وشوکرما خاندان کے 10 افراد موجود تھے۔ تمام افراد آگ اور دھوئیں کے درمیان پھنس گئے۔

تاجروں، مقامی لوگوں، پولیس اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے ریسکیو آپریشن چلا کر خاندان کے افراد کو باہر نکالا۔ تاہم اس دوران 107 سالہ بزرگ کی دم گھٹنے سے موت ہوگئی۔

خاندان کے رکن کملیش نے بتایا کہ تمام افراد نے دیوالی کی پوجا کی تھی۔ اس کے بعد بچے پٹاخے پھوڑنے کے لیے نیچے جانے کی تیاری کر رہے تھے۔ اسی دوران مکان میں دھواں بھر گیا اور خاندان کے افراد اس کی زد میں آگئے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande