
ہزاری باغ، 09 نومبر (ہ س)۔ ہزاری باغ ضلع کے چوپارن تھانہ علاقے کے تحت دنووا گھاٹی میں پیر کو ہوئے سڑک حادثے میں سات افراد کی موت ہو گئی، جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ حادثہ ہتھیا بابا موڑ کے قریب مہانے ٹانڈ کٹ کے پاس صبح تقریباً 11 بجے پیش آیا۔ تمام افراد ایک بزرگ کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے وارانسی جا رہے تھے۔ اسی دوران سڑک کے کنارے کھڑی مسافر گاڑی کو پیچھے سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹریلر نے ٹکر مار دی۔ حادثے میں پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ دو زخمیوں نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔
پولیس کے مطابق، گریڈیہ ضلع کے بگودر بلاک کے تحت سلیا ٹانڈ گاؤں سے 19 افراد ایک مسافر گاڑی میں سوار ہو کر وارانسی جا رہے تھے۔ راستے میں گاڑی کی چھت پر رکھی لاش کو باندھنے والی رسی ڈھیلی ہو گئی۔ اس کے بعد ڈرائیور نے مہانے ٹانڈ کٹ کے قریب گاڑی سڑک کے کنارے روک دی۔ مسافر رسی ٹھیک کر رہے تھے کہ اسی دوران پیچھے سے تیز رفتاری سے آنے والے ایک ٹریلر نے مسافر گاڑی کو زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والا کوئلے سے لدا ایک ٹرک بھی حادثے کا شکار مسافر گاڑی سے ٹکرا گیا اور سڑک کے کنارے گھاٹی میں پلٹ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی چوپارن تھانہ انچارج پنکج کمار اور پولیس افسر نتن کمار پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ پولیس اہلکاروں اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ تھانہ انچارج پنکج کمار نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا تھا۔ انہوں نے موقع پر پانچ افراد کی موت کی تصدیق کی تھی۔ چار زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں بہتر علاج کے لیے شیخ بھکاری میڈیکل کالج و اسپتال، ہزاری باغ بھیجا گیا۔
وہیں، اسپتال کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راج کشور اطلاع ملنے پر ٹراما سینٹر پہنچے اور ڈاکٹروں سے زخمیوں کے علاج کی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال پہنچنے والے تمام زخمیوں کو مناسب طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے حادثے میں سات افراد کی موت کی تصدیق کی۔ ان میں سے پانچ کی موت جائے حادثہ پر ہوئی تھی، جبکہ دو نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ ہزاری باغ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امن کمار نے بھی سات افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
حادثے میں جان گنوانے والے تمام افراد گریڈیہ ضلع کے بگودر بلاک کی منڈرو پنچایت کے بہیرو گاؤں کے سلیا ٹانڈ ٹولے کے رہنے والے تھے۔ مہلوکین میں ایک ہی خاندان کے افراد، رشتہ دار اور پڑوسی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، سلیا ٹانڈ کے رہنے والے 90 سالہ کنجو پرجاپتی کا اتوار کو انتقال ہو گیا تھا۔ ان کی خواہش تھی کہ ان کی آخری رسومات وارانسی میں ادا کی جائیں۔ اسی خواہش کو پورا کرنے کے لیے خاندان کے افراد اور رشتہ دار ان کی لاش لے کر وارانسی جا رہے تھے۔
مہلوکین میں کنجو پرجاپتی کے بیٹے راجو پنڈت، بہو بدھنی دیوی، داماد دھوکل پنڈت (چوبے)، بہنوئی رامیشور پنڈت (چیچاکی) اور پڑوسی رام کشون منڈل شامل ہیں۔ تاہم، تمام سات مہلوکین کے ناموں کی مکمل تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں ڈلی پرجاپتی، جتیندر پنڈت، وشنو پنڈت، سیتارام پنڈت، پھاگن پنڈت، لکھن پنڈت، روبیہ دیوی اور ساوتری دیوی سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
والد کی آخری خواہش پوری کرنے ممبئی سے آیا تھا بیٹا
حادثے کی خبر سے سلیا ٹانڈ گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔ موقع پر پہنچے سی پی آئی (مالے) رہنما راجیش منڈل نے بتایا کہ کنجو پنڈت کی آخری خواہش تھی کہ ان کی آخری رسومات وارانسی میں ادا کی جائیں۔ ان کے بیٹے راجو پنڈت ممبئی میں کام کرتے تھے۔ والد کے انتقال کی اطلاع ملنے پر وہ ہوائی جہاز سے جھارکھنڈ پہنچے تھے۔ پیر کو گھر پہنچنے کے بعد وہ بھی والد کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے اہل خانہ کے ساتھ وارانسی جا رہے تھے، لیکن راستے میں پیش آنے والے حادثے میں ان کی بھی موت ہو گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد