خواجہ آصف پاکستان میں نئی انتظامی اکائیوں کے قیام کے حامی
اسلام آباد (پاکستان)، 9 نومبر (ہ س)۔ پاکستان میں نئی انتظامی اکائیوں کے قیام کو لے کر جاری بحث کے درمیان اتوار کے روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اس تجویز کی حمایت کی۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ ان اکائیوں کا قیام لسانی، نسلی یا سیاسی بنیادوں پر ن
خواجہ آصف


اسلام آباد (پاکستان)، 9 نومبر (ہ س)۔ پاکستان میں نئی انتظامی اکائیوں کے قیام کو لے کر جاری بحث کے درمیان اتوار کے روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اس تجویز کی حمایت کی۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ ان اکائیوں کا قیام لسانی، نسلی یا سیاسی بنیادوں پر نہیں ہونا چاہیے۔ وہ اس سے پہلے بھی اس تجویز کی حمایت کر چکے ہیں۔ اس تجویز کو سب سے پہلے ان کے کابینہ کے ساتھی محسن نقوی نے پیش کیا تھا۔ نقوی کا کہنا تھا کہ فی الحال تمام اختیارات صوبائی دارالحکومتوں میں مرکوز ہیں، جس کی وجہ سے سرکاری خدمات اور وسائل مقامی سطح پر عوام تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔

روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق، جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کے خیال پر گزشتہ دو ماہ سے بحث جاری ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان اکائیوں کا قیام لسانی، نسلی یا سیاسی بنیادوں کے بجائے انتظامی ضروریات کے مطابق کیا جائے تو ملک میں مجموعی طور پر 12 صوبے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے دلیل دی کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر چھوٹی انتظامی اکائیوں کی ضرورت ہے، تاکہ عوام تک خدمات زیادہ بہتر انداز میں پہنچائی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی کے اختیارات صرف لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور جیسے صوبائی دارالحکومتوں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں۔

انتظامی اختیارات عوام کے قریب لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خواجہ آصف نے مالی وسائل کی تقسیم کے موجودہ نظام پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملنے والے فنڈز مقامی حکومتوں تک پہنچنے کے بجائے زیادہ تر صوبائی حکومتوں کے کنٹرول میں ہی رہتے ہیں۔ ان کے مطابق، مقامی اداروں کو ان وسائل سے فائدہ ملنا چاہیے تھا، لیکن وہ اب بھی فنڈز اور اختیارات کے لیے صوبائی حکومتوں پر انحصار کرتے ہیں۔ وزیر دفاع نے سیاسی رہنماو¿ں سے اقتدار کے استعمال کے حوالے سے اپنا نظریہ بدلنے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں میں اکثر یہ رجحان پایا جاتا ہے کہ وہ تمام اختیارات اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ انہیں یہ اختیارات عوام نے سونپے ہیں۔ ماضی کے انتظامی نظام کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے ون یونٹ منصوبے کو بھی یاد کیا۔ اس نظام کے تحت مغربی پاکستان کے صوبوں کو ملا کر ایک واحد انتظامی اکائی تشکیل دی گئی تھی، جسے بعد میں ختم کر دیا گیا۔ انہوں نے افغانستان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہاں صوبوں کی تعداد تقریباً 8 تا 10 سے بڑھ کر 30 سے زیادہ ہو گئی ہے۔

وزیر دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کو 28ویں آئینی ترمیم کے ذریعے 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی سے متعلق خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اس معاملے پر ملک بھر میں ریفرنڈم کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، مجوزہ تنظیم نو کے تحت پنجاب کو چار صوبوں، خیبر پختونخوا (کے پی) اور بلوچستان کو تین تین صوبوں اور سندھ کو دو صوبوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ میں نئی انتظامی اکائیوں کے قیام کا مطالبہ دہرایا

اس دوران متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) نے اتوار کے روز آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ”تاریخی کامیابی“ حاصل کرنے کے لیے اپنے پورے تنظیمی نیٹ ورک اور پارلیمانی قیادت کو متحد کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے سندھ میں نئی انتظامی اکائیاں بنانے کا اپنا مطالبہ ایک بار پھر دہرایا، تاکہ اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی ممکن ہو سکے۔

یہ عزم پارٹی کی سیاسی اور انتظامی قیادت کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ بہادر آباد میں واقع پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ اس اجلاس کی صدارت ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق، اجلاس میں شہری سندھ کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے، کراچی کی ترقی میں تیزی لانے اور آئندہ سیاسی و بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ زمینی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے اور بنیادی بلدیاتی خدمات یکساں طور پر فراہم کرنے کے لیے نئی انتظامی اکائیوں کا قیام ضروری ہے۔

پارٹی کا ماننا ہے کہ شہری مراکز کو درپیش انتظامی اور شہری مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومت کے نچلے درجوں تک اختیارات اور وسائل کی منتقلی ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ارکان پارلیمنٹ اور تنظیمی شعبوں کو ہدایت دی کہ وہ مقامی سطح یعنی محلوں میں سرگرم ہوں اور آئندہ بلدیاتی انتخابات سے قبل پورے شہر میں کارکنوں اور شہریوں کو متحد کریں۔

ڈاکٹر صدیقی نے کہا کہ شہری سندھ کی محرومیوں کا خاتمہ، نئی انتظامی اکائیوں کا قیام اور بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اجلاس کے بعد جاری بیان میں ان کے حوالے سے کہا گیا کہ کراچی اور سندھ کے دیگر بڑے شہری مراکز کی تعمیر نو اور ترقی، عوامی فنڈز کا شفاف استعمال اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ پارٹی کے سیاسی ایجنڈے کے اہم نکات رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کی راہ میں کسی بھی قسم کی سیاسی یا انتظامی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande