دیوالی پر ایمس میں پٹاخوں سے آنکھوں اور جسم پر چوٹ کے 152 معاملات سامنے آئے، 18 مریضوں کی آنکھوں کی سرجری
نئی دہلی، 9 نومبر (ہ س):۔ دیوالی کے موقع پر پٹاخوں سے جھلسنے اور آنکھوں میں چوٹ لگنے کے تقریباً 152 معاملات یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں سامنے آئے۔ ان میں 42 مریض جلنے کے زخموں کے ساتھ اسپتال پہنچے، جبکہ تقریباً 110 مریضو
دیوالی پر ایمس میں پٹاخوں سے آنکھوں اور جسم پر چوٹ کے 152 معاملات سامنے آئے، 18 مریضوں کی آنکھوں کی سرجری


نئی دہلی، 9 نومبر (ہ س):۔

دیوالی کے موقع پر پٹاخوں سے جھلسنے اور آنکھوں میں چوٹ لگنے کے تقریباً 152 معاملات یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں سامنے آئے۔

ان میں 42 مریض جلنے کے زخموں کے ساتھ اسپتال پہنچے، جبکہ تقریباً 110 مریضوں کا ڈاکٹر راجندر پرساد سینٹر فار آپتھلمک سائنسز کی ایمرجنسی سروس میں علاج کیا گیا۔

جلنے کے 11 مریضوں کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ وہیں، آنکھوں میں شدید چوٹ کے باعث 18 مریضوں کی سرجری کی گئی اور مزید 20 مریضوں کی سرجری کرنے کا منصوبہ ہے۔

ایمس کے پلاسٹک، ریکنسٹرکٹیو اینڈ برنز سرجری شعبے کے سربراہ ڈاکٹر منیش سنگھل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جلنے کے 42 معاملات میں 11 مریضوں کی حالت سنگین تھی، جبکہ 31 مریضوں کو معمولی چوٹیں آئی تھیں۔ ان کا علاج کرنے کے بعد انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔

زخمیوں میں تقریباً 18 بچے ایسے تھے جن کی عمر 18 سال تک تھی۔ نوجوانوں کے ہاتھوں، خاص طور پر دائیں ہاتھ میں زیادہ چوٹیں آئی تھیں۔ پٹاخوں میں انار جلانے والے پٹاخوں کی وجہ سے چہرے اور ہاتھوں پر سب سے زیادہ جھلسنے کی چوٹیں آئیں۔ پوٹاش سے جلنے کے دو معاملات بھی سامنے آئے۔

ڈاکٹر سنگھل کے مطابق گزشتہ سال دیوالی کے دوران دو سے تین دن تک آنے والے مریضوں کو ملا کر جلنے کے تقریباً 95 معاملات درج کیے گئے تھے۔ اس مرتبہ اب تک 42 معاملات سامنے آئے ہیں۔ آئندہ دو سے تین دنوں میں مزید مریضوں کے آنے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دیوالی کے آس پاس اسپتال میں جلنے کے مریض آتے رہتے ہیں اور اس مرتبہ اب تک کے اعداد و شمار تقریباً معمول کے مطابق ہیں۔

وہیں، ایمس کی جانب سے جاری سرکاری معلومات کے مطابق 8 نومبر کو دیوالی کے دن اور 9 نومبر تک آنکھوں میں چوٹ لگنے کے تقریباً 110 معاملات سامنے آئے۔ ان میں زیادہ تر چوٹیں پٹاخوں کی وجہ سے لگی تھیں۔

کل 72 مریضوں کو ایسی چوٹیں آئی تھیں جن سے ان کی بینائی کو خطرہ نہیں تھا۔ ان کا بغیر سرجری کے علاج کیا گیا۔

ایمس کے مطابق 18 مریضوں کے قرنیہ (کارنیا) میں سوراخ اور کٹ لگنے جیسی سنگین چوٹیں آئی تھیں۔ ان کی ایمرجنسی آپریشن تھیٹر میں سرجری کی گئی۔

اس کے علاوہ مزید 20 مریضوں کی سرجری پیر کے روز کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔آنکھوں میں چوٹ لگنے کے معاملات میں بھی زیادہ تر مریض بچے اور نوجوان تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande