وزیر اعلیٰ نے فوجی جوانوں اور پولیس اہلکاروں کے نام ایک دیا جلانے کی اپیل کی
نئی دہلی، 8 نومبر(ہ س)۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے دیوالی کے مبارک موقع پر دہلی کے تمام باشندوں کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے خوش حالی و ترقی اور نیک زندگی کی تمنا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنے اہل خانہ کے ساتھ خوشی اور اطمی
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا


نئی دہلی، 8 نومبر(ہ س)۔

دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے دیوالی کے مبارک موقع پر دہلی کے تمام باشندوں کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے خوش حالی و ترقی اور نیک زندگی کی تمنا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنے اہل خانہ کے ساتھ خوشی اور اطمینان سے تہوار منا پاتے ہیں، کیونکہ ملک کے لاکھوں فوجی جوان دن رات سرحدوں کی حفاظت میں تعینات رہتے ہیں۔ ان کی لگن اور چوکسی ہمیں محفوظ ماحول میں اپنے تہوار منانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپیل کی کہ فوجی جوانوں اور پولیس اہلکاروں کے نام بھی ایک دیا روشن کریں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیوالی کے اس مبارک موقع پر ہمیں ان بہادر فوجی جوانوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، جو ملک اور سماج کی حفاظت کے لیے مسلسل اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ اپنے گھروں میں دیے روشن کرتے وقت ایک دیا ملک کے فوجیوں، جوانوں اور پولیس اہلکاروں کے نام بھی روشن کریں۔ یہ دیا ان تمام لوگوں کے تئیں احترام، تشکر اور اپنائیت کی علامت ہوگا، جو تہواروں کے موقع پر بھی اپنے فرض کو سب سے مقدم رکھتے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دہلی کے صفائی کارکنوں کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر جب پورا شہر جشن کی خوشیوں میں ڈوبا ہوتا ہے، تب ہمارے صفائی کارکن دہلی کو صاف ستھرا اور خوب صورت رکھنے کے لیے پوری لگن سے کام کرتے ہیں۔ ان کی محنت اور لگن سے ہی راجدھانی کی صفائی اور خوب صورتی برقرار رہتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام صفائی کارکنوں کو دیوالی کی مبارک باد دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی خدمات احترام اور ستائش کی مستحق ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی کی دیوالی اپنے تنوع اور ثقافتی یکجہتی کے اعتبار سے خاص اہمیت رکھتی ہے۔ راجدھانی میں ملک کی مختلف ریاستوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ مل کر اس تہوار کو جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ دہلی کا ثقافتی تنوع اور اجتماعی طور پر جشن منانے کا جذبہ ہی دیوالی کے اس مبارک موقع کو مزید یادگار بناتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande