
نئی دہلی، 7 نومبر(ہ س)۔ویلفیئر پارٹی آف انڈیا ویمن ونگ کی قومی کنوینر محترمہ شیمہ محسن نے فریٹرنٹی موومنٹ کی ایگزیکٹو ممبر محترمہ نَشرہ نعیم کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ یونین ( (AMUSU کے 2026-27 کے انتخابات میں نائب صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے ایک بیان میں محترمہ شیمہ محسن نے کہا کہ اس کامیابی کے ساتھ محترمہ نَشرہ نعیم نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی 142 سالہ تاریخ میں ایک اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون رہنما بن کر تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آٹھ سال کے طویل وقفے کے بعد منعقد ہونے والے ان انتخابات میں بی اے ایل ایل بی کی طالبہ محترمہ نَشرہ نعیم نے محض ایک انفرادی کامیابی حاصل نہیں کی ہے بلکہ ان کی جیت خواتین کی قیادت، کیمپس میں جمہوریت اور طلبہ سیاست کے حوالے سے ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کا ویمن ونگ محترمہ نَشرہ نعیم کی اس شاندار کامیابی پر بے حد فخر محسوس کرتا ہے اور اسے یقین ہے کہ وہ طلبہ یونین کی نائب صدر کی حیثیت سے طلبہ کے حقوق، صنفی انصاف، علمی آزادی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر آواز بنیں گی۔محترمہ شیمہ محسن نے اے ایم یو کے طلبہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے برسوں کی جدوجہد اور 19 روزہ احتجاج کے بعد اپنی یونین کے انتخاب کا جمہوری حق بحال کرانے میں کامیابی حاصل کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Md Owais Owais