
بیکانیر، 08 نومبر(ہ س)۔ راجستھان کے بیکانیر میں اتوار کی دوپہر ٹرین کی زد میں آنے سے میاں بیوی سمیت تین افراد کی موت ہوگئی، جبکہ ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ یہ حادثہ جے نارائن ویاس کالونی تھانہ علاقے کے گھڑسیسر ریلوے ٹریک پر دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کسی بات کو لے کر جھگڑا ہو رہا تھا۔ اسی دوران انہیں بچانے کی کوشش میں دو دیگر افراد بھی ٹرین کی زد میں آگئے۔پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت 55 سالہ رامو، ان کی 53 سالہ بیوی پنکی اور سنجیت موچی کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق بہار کے دربھنگہ ضلع سے تھا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے امرچند سانکھلا بیکانیر کے رانی بازار علاقے کے رہنے والے ہیں۔ یہ تمام افراد امرچند کے کھیت میں مزدوری کرتے تھے۔
تھانہ انچارج دیویندر سنگھ نے بتایا کہ اتوار کی دوپہر کسی بات کو لے کر رامو اور پنکی کے درمیان تنازع ہوگیا تھا۔ کھیت میں کام کرنے والے ایک شخص نے اس کی اطلاع کھیت کے مالک امرچند کو دی۔ اسی دوران میاں بیوی جھگڑتے ہوئے ریلوے ٹریک کی جانب دوڑنے لگے۔ انہیں بچانے کے لیے سنجیت بھی ان کے پیچھے دوڑا۔ اطلاع ملنے پر امرچند بھی کھیت پہنچے اور ریلوے ٹریک کی طرف چلے گئے۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والی ٹرین کی زد میں چاروں افراد آگئے۔حادثے میں رامو، پنکی اور سنجیت کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ امرچند شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ انہیں علاج کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔ تینوں مہلوکین کی لاشیں پی بی ایم اسپتال کی مردہ خانے میں رکھوائی گئی ہیں۔
حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ٹرین کی زد میں آنے سے لاشوں کے کئی ٹکڑے ہوگئے اور وہ ریلوے ٹریک کے آس پاس دور دور تک بکھر گئے۔ اسسٹنٹ سیوا سنستھان کے راج کمار کھڑگاوت نے بتایا کہ تینوں لاشیں تقریباً نصف کلومیٹر کے دائرے میں بکھری ہوئی تھیں۔ لاشوں کو جمع کرکے اسپتال پہنچانے کے لیے ادارے کے کارکنان موقع پر پہنچے۔حادثے کے دوران لوکو پائلٹ نے ایمرجنسی بریک لگاکر ٹرین روک دی۔ ٹرین رکنے کے بعد بڑی تعداد میں مسافر نیچے اتر کر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ اطلاع ملتے ہی جی آر پی، ریلوے ملازمین اور مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ وارڈ نمبر 30 کے کونسلر عبد الستار نے بھی جائے حادثہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan