وزیر اعظم مودی نے چھتیس گڑھ کے بستر میں سی آر پی ایف جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی
- مسلسل 13ویں سال جوانوں کے درمیان پہنچے وزیر اعظم، نکسلزم سے پاک ہندوستان کو تاریخی کامیابی قرار دیا
- مسلسل 13ویں سال جوانوں کے درمیان پہنچے وزیر اعظم، نکسلزم سے پاک ہندوستان کو تاریخی کامیابی قرار دیا


جگدل پور، 8 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز چھتیس گڑھ کے بستر پہنچ کر کرن پور واقع سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کیمپ میں سیکیورٹی دستوں کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔

اس دوران سی آر پی ایف کے سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ پروگرام میں ڈی آر جی کی دو بٹالین کے جوان بھی شامل ہوئے۔ وزیر اعظم نے جوانوں کو اپنا خاندان قرار دیتے ہوئے ان کی قربانی، لگن اور خدمات کی ستائش کی۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بستر میں کبھی نکسلزم کا سنگین خطرہ تھا، لیکن حفاظتی دستوں کی بے مثال ہمت اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں اب یہاں ترقی کی ایک نئی لہر شروع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2026 کی دیوالی ملک کے لیے تاریخی ہے۔ یہ پہلی دیوالی ہے جب ملک کا ہر ضلع نکسلزم سے پاک ہو چکا ہے۔ انہوں نے نکسلزم کے خلاف لڑائی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو ملک کے لیے بیش قیمتی قرار دیا۔

وزیر اعظم نے کیمپ میں تعینات جوانوں سے براہ راست ملاقات کی اور ان کا حال چال دریافت کیا۔ انہوں نے جوانوں کی روزمرہ زندگی، تربیت اور دشوار گزار علاقوں میں تعیناتی کے دوران پیش آنے والے چیلنجز کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ اس دوران انہوں نے جوانوں کے ساتھ وقت گزارا اور انہیں مٹھائیاں کھلا کر دیوالی کی مبارکباد دی۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے کرن پور واقع کوبرا آپریشنز بیس کا دورہ کیا۔ یہ بیس بستر اور ابوجھ ماڑ کے جنگلات میں نکسل مخالف کارروائیوں کے لیے تربیتی مرکز اور لانچنگ پیڈ کے طور پر اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تقریباً 311 ایکڑ پر پھیلے اس کیمپ میں کوبرا کمانڈوز کو جنگلاتی جنگ اور نکسل مخالف کارروائیوں کی خصوصی تربیت دی جاتی ہے۔ کیمپ کے احاطے میں سی آر پی ایف کا 50 بستروں پر مشتمل مشترکہ اسپتال بھی موجود ہے۔

وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے نے ریاست میں نکسلزم کے خاتمے اور امن و امان قائم کرنے میں حفاظتی دستوں کے تعاون کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کی مشترکہ کوششوں سے نکسل متاثرہ علاقوں میں تیزی سے امن اور ترقی کا ماحول تیار ہو رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی سال 2014 سے مسلسل دیوالی کے موقع پر ملک کی حفاظت پر تعینات جوانوں کے درمیان پہنچ کر یہ تہوار مناتے رہے ہیں۔ سال 2014 سے 2025 تک وہ 12 مرتبہ جوانوں کے ساتھ دیوالی منا چکے ہیں۔ گزشتہ سال 2025 میں انہوں نے گوا اور کاروار کے مغربی سمندری ساحل پر آئی این ایس وکرانت میں بحریہ کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی تھی۔

ان برسوں کے دوران وزیر اعظم نے ملک کے مختلف سرحدی اور تزویراتی لحاظ سے اہم علاقوں کا دورہ کیا۔ جموں و کشمیر میں انہوں نے تین مرتبہ، جبکہ ہماچل پردیش اور لداخ میں دو، دو مرتبہ جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ اس مرتبہ بستر پہنچ کر انہوں نے جوانوں کے ساتھ دیوالی منانے کی اپنی روایت کو مسلسل 13ویں سال بھی برقرار رکھا۔

وزیر اعظم مودی نے جوانوں کے ساتھ دیوالی منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی۔ ویڈیو میں وہ جوانوں کو مٹھائیاں کھلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ہماری حفاظت کرنے والوں کے ساتھ دیوالی مزید میٹھی ہو جاتی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande