صدر جمہوریہ، وزیر اعظم سمیت دیگر رہنماؤں نے ملک کے عوام کو دیوالی کی مبارک باد دی
نئی دہلی، 8 نومبر(ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، لوک سبھا میں لیڈر حزب اختلاف راہل گاندھی سمیت دیگر رہنماؤں نے آج ملک کے عوام کو دیوالی کی مبارک باد دی۔ صدر جمہور
دیوالی کی علامتی تصویر


نئی دہلی، 8 نومبر(ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، لوک سبھا میں لیڈر حزب اختلاف راہل گاندھی سمیت دیگر رہنماؤں نے آج ملک کے عوام کو دیوالی کی مبارک باد دی۔

صدر جمہوریہ مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’دیوالی کے مبارک موقع پر میں ہندوستان اور بیرون ملک رہنے والے تمام ہندوستانیوں کو مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔ یہ تہوار رام راجیہ کے آغاز کی علامت بھی ہے۔ بری عادتوں پر اچھی تہذیب کی فتح کا پیغام دینے والا یہ تہوار ہر طرح کی پریشانیوں کے خاتمے اور خوش گوار زندگی کے آغاز کی امید کا موقع بھی ہے۔ دیوالی کے موقع پر نیک آغاز اور فلاح و بہبود کے دیوتا شری گنیش اور خوش حالی و خوش بختی کی دیوی مہالکشمی کی پوجا کی جاتی ہے اور سب کی خوش حالی کے لیے پرارتھنا کی جاتی ہے۔ میری تمنا ہے کہ ملک کے ہر شہری کی زندگی صحت، خوشی اور خوش حالی سے بھرپور ہو، ماحولیات محفوظ رہے، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے اصول مزید مضبوط ہوں اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہماری نوجوان نسل مثالی ہندوستانی اقدار کے مطابق ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں جوش و خروش کے ساتھ اپنا تعاون دے۔‘‘

نائب صدر نے کہا کہ دیوالی اندھیرے پر روشنی اور برائی پر اچھائی کی عالمگیر فتح کی علامت ہے۔ یہ ہمیں اس ابدی اصول کی یاد دلاتی ہے کہ ’’ستیہ میو جیتے‘‘ یعنی ’’سچائی کی ہی جیت ہوتی ہے۔‘‘ یہ دیوالی ہر گھر میں خوش حالی، امن اور خوش بختی لائے اور اتحاد و ہم آہنگی کے رشتوں کو مزید مضبوط کرے۔

وزیر اعظم مودی نے دیوالی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’’دیوالی کے مبارک موقع پر بستر جا رہا ہوں۔ جہاں کل تک نکسلیوں کا قہر تھا، وہاں آج ترقی کی بہار ہے۔ بہادر جوانوں، ان کی قربانیوں، ایثار اور ریاضت کو سلام پیش کرنے جا رہا ہوں۔‘‘

لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ دیوالی کے اس مبارک موقع پر ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے بہادر جوانوں، ملک کے اناج کے ذخیرے بھرنے والے کسان بھائیوں، ملک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں، صنعت کاروں، تاجروں اور تمام اہل وطن کو خصوصی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ پرارتھنا ہے کہ ماں لکشمی کی کرپا سے ہر گھر میں خوش حالی آئے، سب کی زندگی خوشیوں سے بھر جائے، سب کے کاروبار اور صنعتیں ترقی کریں اور ہندوستان اقتصادی و سماجی طور پر مسلسل مضبوط اور خوش حال بنے۔

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ روشنی، مسرت اور نئی امنگوں کا یہ عظیم تہوار سب کی زندگی میں خوشی، خوش حالی، بہترین صحت اور مسرتیں لے کر آئے۔ پرارتھنا ہے کہ بھگوان شری رام کے آشیرواد سے ہر گھر خوشی اور روشنی سے منور ہو اور سب کی زندگی میں مثبت سوچ اور ترقی کا جذبہ فروغ پائے۔

مرکزی وزیر داخلہ و امدادِ باہمی امت شاہ نے کہا کہ یہ دیپ اتسو آپ سب کی زندگی میں خوشی، خوش حالی اور خوش بختی لے کر آئے اور نئی توانائی و جوش و خروش پیدا کرے۔

مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے کہا کہ روشنی اور خوشیوں کا یہ عظیم تہوار سب کی زندگی میں نئی امید اور روشنی کی کرن لے کر آئے۔ یہ تہوار سب کو نئی توانائی، خوشی، امن، خوش حالی اور مسرتیں عطا کرے۔

مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے کہا کہ یہ مبارک تہوار آپ سب کی زندگی میں علم، دولت، صحت، خوش بختی اور خوش حالی لے کر آئے۔ آپ سب کی زندگی میں مال و دولت کی فراوانی کے ساتھ جوش، ولولے اور مثبت توانائی کا مسلسل فروغ ہو۔ ماں لکشمی کے آشیرواد سے سب کی زندگی میں خوشی، امن اور خوش حالی ہمیشہ برقرار رہے۔

مرکزی وزیر زراعت و کسانوں کی بہبود شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ بھگوان شری گنیش اور ماں لکشمی کی کرپا آپ سب پر بنی رہے۔ سب کی زندگی میں خوشی، خوش حالی اور رِدھی سِدھی آئے اور آپ کے گھر آنگن خوشیوں اور اناج و دولت سے بھر جائیں، یہی تمنا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین نے کہا کہ بھگوان شری رام کی ایودھیا واپسی کی یاد میں منایا جانے والا یہ تہوار اندھیرے پر روشنی اور مایوسی پر امید کی فتح کی علامت ہے۔ ماں لکشمی اور بھگوان شری گنیش کی کرپا سے ہر گھر میں خوشی، خوش حالی اور صحت کا بسیرا ہو۔

لوک سبھا میں لیڈر حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا کہ ہر گھر میں خوشیوں اور خوش حالی کے دیے روشن ہوں۔ یہ مبارک تہوار پورے ہندوستان میں خوشی، امن، بھائی چارے اور نئی امیدوں کی روشنی لے کر آئے۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ میں بھگوان شری گنیش اور ماں لکشمی سے پرارتنا کرتی ہوں کہ تمام اہل وطن کی زندگی خوشیوں سے بھر جائے اور سب کی زندگی میں خوشی، خوش حالی اور روشنی کا فروغ ہو۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ دیوں کا یہ مبارک تہوار ہر گھر اور آنگن میں خوشی، امن، خوش حالی اور مسرتوں کی روشنی بکھیرے۔ ہر دل میں امید کا دیا روشن ہو اور ہر زندگی میں خوشیوں کی نئی صبح طلوع ہو۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande