ایران کے جوہری پروگرام کی خفیہ معلومات پر امریکہ کا 2 کروڑ ڈالر انعام کا اعلان
واشنگٹن،07نومبر(ہ س)۔امریکہ نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خفیہ معلومات حاصل کرنے کے لیے بڑا انعامی اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام ’ریوارڈز فار جسٹس‘ کے تحت ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے والے افراد کو 2 کرو
ایران کے جوہری پروگرام کی خفیہ معلومات پر امریکہ کا 2 کروڑ ڈالر انعام کا اعلان


واشنگٹن،07نومبر(ہ س)۔امریکہ نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خفیہ معلومات حاصل کرنے کے لیے بڑا انعامی اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام ’ریوارڈز فار جسٹس‘ کے تحت ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے والے افراد کو 2 کروڑ ڈالر (20 ملین ڈالر)تک انعام دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی معلومات فراہم کرنے والوں کو ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اس پیشکش کی تصدیق کی ہے۔ یہ انعامی پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے قومی سلامتی سے متعلق منصوبے کا حصہ ہے، جسے 1984 میں شروع کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد ایسی اہم معلومات حاصل کرنا ہے جو امریکی شہریوں اور قومی مفادات کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوسکیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ایران کی جانب سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے حفاظتی معاہدوں سے متعلق ذمہ داریوں پر عمل نہ کرنے کے باعث ایجنسی کو ایران کے جوہری پروگرام کی نگرانی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے نتیجے میں سینٹری فیوجز جیسے اہم آلات کی تیاری اور ذخیرے سے متعلق معلومات تک مسلسل رسائی متاثر ہوئی ہے۔تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے ابھی یہ واضح نہیں کیا ہے کہ کس نوعیت کی معلومات فراہم کرنے پر مکمل 2 کروڑ ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔ اس اعلان کو ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی امریکی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ متعدد بار دعویٰ کرچکے ہیں کہ امریکی فوج نے ایران کے جوہری پروگرام کو مؤثر طور پر تباہ کردیا ہے۔ جمعہ کی شب فلوریڈا کے شہر ویسٹ پام بیچ میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر امریکہ نے ایران کو نشانہ نہ بنایا ہوتا تو آج اسرائیل موجود نہ ہوتا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ انہیں استعمال کرتا اور پورے مشرقِ وسطیٰ کو تباہی سے دوچار کردیتا۔

امریکی انعامی اعلان اور ٹرمپ کے ان دعوؤں کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خفیہ معلومات حاصل کرنے کی واشنگٹن کی کوششیں ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande