
نئی دہلی، 7 نومبر (ہ س):۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی پر سخت حملہ کیا ہے۔
بی جے پی کے قومی ہیڈکوارٹر کے انچارج اور رکن پارلیمنٹ ترون چغ نے کہا کہ کانگریس کو شری رام مندر کی تعمیر ہضم نہیں ہو رہی ہے۔ بھارت رشی منیوں اور تپسویوں کی سرزمین ہے، اس لیے ہندوستانی ثقافت کی توہین نہ کی جائے۔ بھارت میں وراثت اور ترقی دونوں ساتھ ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ شری رام جنم بھومی پر شاندار مندر کی تعمیر، وارانسی میں شری کاشی وشوناتھ کوریڈور اور شری گولڈن ٹیمپل کے اطراف تعمیر کیا گیا کوریڈور اس کی مثالیں ہیں۔
ترون چغ نے ہفتہ کے روز بی جے پی کے قومی ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کانگریس شری رام مندر کی تعمیر روکنے میں مصروف تھی اور اس کے رہنماو¿ں نے عدالت میں حلف نامہ بھی داخل کیا تھا۔
انہوں نے سوال کیا کہ ایمرجنسی نافذ کرکے آئینی اور شہری حقوق کو کس نے کچلا تھا؟ 1984 میں گاندھی۔نہرو خاندان کے احکامات پر جب قتل عام ہو رہا تھا، تب آپ کہاں تھیں؟ ملک ان سوالات کے جواب چاہتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس رہنما سونیا گاندھی نے ایک اخبار میں شائع اپنے مضمون میں کہا تھا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران ملک کے جمہوری ڈھانچے، آئینی اداروں اور سماجی تانے بانے کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ اب لوگوں کو اس نقصان کا احساس ہونے لگا ہے اور وہ موجودہ حالات کو لے کر بے چین ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ