
گروگرام، 7 نومبر(ہ س)۔ ہریانہ کے شہر گروگرام میں غیر قانونی طور پر مقیم 14 بنگلہ دیشی شہریوں کو اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی ٹیم نے حراست میں لیا ہے۔ تمام افراد کو مانیسر واقع ڈٹینشن سینٹر بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، ابتدائی جانچ میں ان کے پاس ہندوستان میں قیام کے لیے کوئی قانونی ویزا، پاسپورٹ یا دیگر ضروری اجازت نامہ نہیں ملا ہے۔ ان کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
پولیس ترجمان سندیپ کمار نے ہفتہ کو بتایا کہ یہ کارروائی اے ٹی ایس کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ورون سنگلا کی قیادت میں کی گئی۔ حکومت ہند کی ہدایات اور قومی سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے اے ٹی ایس گروگرام، اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) نوح، ایس او جی روہتک اور اے ٹی ایس کے دیگر اہلکاروں کی مشترکہ ٹیم نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر یہ مہم چلائی۔ اس دوران مشتبہ افراد کی شناخت کے لیے تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق، جانچ کے دوران حراست میں لیے گئے تمام 14 افراد کے پاس سے بنگلہ دیش سے متعلق شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات ملنے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ ابتدائی جانچ میں ان کے پاس ہندوستان میں قیام کے لیے کوئی قانونی ویزا، پاسپورٹ یا دیگر ضروری اجازت نامہ نہیں پایا گیا۔
حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت محمد لطفور رحمان (17 سال)، محمد راجو میاں (20 سال)، ثاقب حسین (18 سال)، محمد طارق الاسلام (17 سال)، الیاس علی (18 سال)، محمد فیروز الاسلام (19 سال)، محمد انارالحق (30 سال)، ثاقب رانا (19 سال)، غلام ربانی (23 سال)، محمد زبیر رانا (20 سال)، انور حسین (37 سال)، عارف الاسلام عرف علاؤالدین (22 سال)، محمد مسعود رانا (27 سال) اور راجو عالم (28 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ تمام افراد بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں کے رہنے والے بتائے گئے ہیں۔
گروگرام اے ٹی ایس کا کہنا ہے کہ قومی سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی شناخت اور ان کے خلاف کارروائی کی مہم مسلسل جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن