
امریکی شہر بوسٹن میں نلگنڈہ کی طالبہ لاپتہ، والدین پریشانحیدرآباد، 06 نومبر(ہ س)۔
تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والی 23سالہ طالبہ سریجا امریکہ کے شہربوسٹن میں لاپتہ ہو گئی، جس کے بعد اس کے والدین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ سریجا، یادگیری ریڈی اورروپا کی بیٹی ہے اورضلع نلگنڈہ کے کنگل منڈل کے موضع شبدا لاپورم کی رہنے والی ہے۔ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کےلیے امریکہ کے شہربوسٹن گئی تھی، جہاں کالج میں تعلیم کے ساتھ جزوقتی ملازمت بھی کررہی تھی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سریجارواں ماہ کی 2تاریخ کوچہل قدمی کے لیے باہرگئی تھی، لیکن واپس نہیں لوٹی۔ اس کے دوستوں نے والدین کو اطلاع دی کہ اس کے موبائل فون کی لوکیشن قریبی ساحلی علاقے کے پاس دکھائی دے رہی ہے۔
اس کے بعد سے سریجاکے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ملی، جس کے باعث اہل خانہ اوردوستوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
سریجااپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہے۔ بیٹی کے لاپتہ ہونے پر والدین کاروروکربراحال ہے اوروہ اس کی خیریت اورواپسی کے منتظر ہیں۔
اس واقعے سے شبدا لاپورم گاؤں اور ضلع نلگنڈہ کے عوام میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ اہل خانہ کو امید ہے کہ متعلقہ حکام کی کوششوں سے سریجا کا جلد پتہ چل جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمدعبدالخالق