
نئی دہلی، 6 نومبر (ہ س):۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور جھارکھنڈ کے وزیر عرفان انصاری کے بیانات کو لے کر کانگریس کو نشانہ بنایا ہے۔
نتن نوین نے کہا کہ راہل گاندھی کی اشتعال انگیز سیاست سے لے کر عرفان انصاری کی جانب سے بنگلہ دیش اور نیپال جیسے حالات پیدا ہونے کی دھمکیوں تک، کانگریس کا سیاسی ایجنڈا ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نیا ہندوستان ہے، جو کسی بھی سازش کے آگے نہیں جھکے گا اور ملک کے امن و سلامتی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
جمعہ کو نتن نوین نے عرفان انصاری کے بیان پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے راہل گاندھی سے سوال کیا کہ جھارکھنڈ میں کانگریس کے وزراء کی جانب سے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے سے متعلق بیانات پر ان کی خاموشی کا کیا مطلب ہے؟ انہوں نے پوچھا کہ کیا ملک میں عدم استحکام اور بدامنی پھیلانے کی اسکرپٹ راہل گاندھی کے اشارے پر لکھی جا رہی ہے؟
قابل ذکر ہے کہ کانگریس لیڈر اور جھارکھنڈ کے وزیر عرفان انصاری نے کہا تھا کہ نیپال اور بنگلہ دیش میں اقتدار کی تبدیلی کے واقعات سے سبق لینا چاہیے۔ ان ممالک میں حکومتیں اس لیے گر گئیں کیونکہ انہوں نے عوام کی آواز کو نظر انداز کیا۔
انصاری نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں 40 لاکھ طلبہ سڑکوں پر اترنے کے لیے تیار ہیں، لیکن کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے فی الحال انہیں روک رکھا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ