
۔ راج پورہ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین روکی گئی، مسافروں میں افراتفری
چنڈی گڑھ، 06 نومبر (ہ س)۔ پنجاب کے امرتسر سے مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی جا رہی کرم بھومی ایکسپریس کے چار ڈبوں میں جمعہ کو آگ لگ گئی۔ ہنگامی صورت حال کے پیش نظر ٹرین کو پٹیالہ ضلع کے راج پورہ ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ آگ لگنے کے واقعے سے مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔ اس کے باعث ریلوے نے آٹھ ٹرینوں کے راستے تبدیل کر دیے ہیں۔
ریلوے کے مطابق ٹرین نمبر 12508 کرم بھومی ایکسپریس کے چار جنرل ڈبوں میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ ٹرین دوپہر 12 بج کر 58 منٹ پر فتح گڑھ صاحب کے سادھو گڑھ ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوئی تھی۔ کچھ دیر بعد انجن سے پانچویں ڈبے، جس کا نمبر 265287 جی ایس تھا، تک آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ انجن سے پانچویں ڈبے تک آگ پھیلنے کی خبر ملتے ہی ریلوے انتظامیہ، فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ انہوں نے مسافروں کو بحفاظت باہر نکالا اور صورت حال پر قابو پایا۔ ریلوے نے واقعے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ کرم بھومی ایکسپریس میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد ریل ٹریفک متاثر ہوا ہے۔ اس کے پیش نظر ریلوے نے آٹھ ٹرینوں کے راستے تبدیل کیے ہیں۔ امبالہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ ڈائیورزن پلان کے مطابق نیچے کی سمت جانے والی پانچ اور اوپر کی سمت آنے والی تین ٹرینوں کو متبادل راستوں سے روانہ کیا گیا۔
امبالہ ریلوے ڈویژن کے تعلقات عامہ کے افسر نیرج نے بتایا کہ امرتسر سے بنگال جا رہی کرم بھومی ایکسپریس میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد امبالہ ریلوے ڈویژن کی طبی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔ ڈی آر ایم ونود کمار بھاٹیہ بھی موقع پر پہنچے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک اس واقعے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ واقعے کی تفصیلی معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھانسماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد