
بھوپال، 6 نومبر(ہ س)۔
مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جیتو پٹواری نے جمعہ کو دیوالی اور دھن تیرس کے موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کو خط لکھ کر ریاست کے کسانوں، چھوٹے تاجروں، خواتین، نوجوانوں، دیہی مزدوروں اور روایتی دست کاروں کو مالی راحت فراہم کرنے کے لیے 7 تجاویز پیش کی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے ان تجاویز پر غور کرکے متعلقہ طبقات کے مفاد میں ضروری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
جیتو پٹواری نے خط میں کہا کہ تہواروں کی خوشیاں اسی وقت وسیع پیمانے پر منائی جاسکیں گی، جب سماج کے تمام طبقات معاشی طور پر محفوظ اور مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے شہری اپنی استطاعت کے مطابق تہوار منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ ایسے میں حکومت کی توجہ ان اقدامات کی جانب مبذول کرانا ضروری ہے، جن سے کسانوں سے لے کر چھوٹے کاروباریوں اور مزدوروں تک کو راحت مل سکے۔
ریاستی صدر پٹواری نے کسانوں کی فصلوں، خصوصاً سویابین اور دھان کی خریداری پر کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) اور اعلان کردہ بونس کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خریداری مراکز پر ادائیگی کے عمل کو شفاف بنانے اور فصل کی رقم 48 گھنٹے کے اندر کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔
چھوٹے تاجروں، مقامی بازاروں، کمہاروں اور دست کاروں کو معاشی سہارا دینے کے لیے آسان شرائط پر بلا سود قرض یا خصوصی امدادی اسکیم شروع کرنے کی بات کہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی گھریلو استعمال کی اشیا اور الیکٹرانک آلات پر مقامی ٹیکسوں اور سیس میں راحت دینے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔
خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے جیتو پٹواری نے لاڈلی بہنا اسکیم کے تحت دی جانے والی امدادی رقم میں مقررہ مدت کے اندر اضافہ کرنے اور اسکیم کے نفاذ میں شفافیت برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں نوجوانوں کے لیے زیر التوا سرکاری بھرتیاں مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور باقاعدہ بھرتی کے عمل کے لیے روزگار کیلنڈر نافذ کرنے کی تجویز دی ہے۔
دیوالی کے موقع پر مٹی کے دیے اور دیگر روایتی مصنوعات بنانے والے کمہاروں اور ماٹی کلا بورڈ سے وابستہ دست کاروں کو 10 ہزار روپے تک کی مالی مدد براہ راست ان کے بینک کھاتوں میں دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے روایتی دست کاروں کو تہوار کے دوران مالی مدد مل سکے گی۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے چھوٹے دکانداروں اور گھریلو صارفین کے بجلی بلوں پر عائد تاخیر کے جرمانے اور اضافی چارجز میں تہوار کے موقع پر راحت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں منریگا کے تحت زیر التوا مزدوری کی فوری ادائیگی کی تجویز دی ہے، تاکہ دیہی مزدوروں کو مالی پریشانی سے راحت مل سکے اور روزگار کی کمی کے باعث ہونے والی نقل مکانی کو کم کیا جاسکے۔
ریاست کے فن اور ثقافت کو فروغ دینے کے لیے مقامی لوک فن کاروں اور ثقافتی سرگرمیوں سے وابستہ افراد کے لیے خصوصی ترغیبی پیکیج کا اعلان کرنے کی بات بھی خط میں کہی گئی ہے۔ پٹواری نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ ان تجاویز پر مثبت انداز میں غور کرکے ضروری فیصلے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی خوش حالی اور سماجی ہم آہنگی کا تہوار ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کا فائدہ سماج کے ہر طبقے تک پہنچانے کے لیے کسانوں، تاجروں، خواتین، نوجوانوں اور مزدوروں کی معاشی ضروریات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن