مسودہ ووٹر فہرست میں نام نہ ہونے پر دہلی سمیت سات ریاستوں کے ووٹروں کو ایک اور موقع
نئی دہلی، 6 نومبر (ہ س)۔ الیکشن کمیشن دہلی، مہاراشٹر، ہریانہ، آندھرا پردیش، جھارکھنڈ، تلنگانہ اور ناگالینڈ میں مسودہ ووٹر فہرست میں نام شامل نہ ہونے والے ووٹروں کو ایک بار پھر اپنا نام حتمی ووٹر لسٹ میں درج کرانے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ اس سلسلے
EC-DRAFT-LIST-NEW-CHANCE


نئی دہلی، 6 نومبر (ہ س)۔ الیکشن کمیشن دہلی، مہاراشٹر، ہریانہ، آندھرا پردیش، جھارکھنڈ، تلنگانہ اور ناگالینڈ میں مسودہ ووٹر فہرست میں نام شامل نہ ہونے والے ووٹروں کو ایک بار پھر اپنا نام حتمی ووٹر لسٹ میں درج کرانے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ان ریاستوں کے چیف الیکٹورل افسران کو خط لکھا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ غیر حاضر، دوسری جگہ منتقل ہونے، وفات اور دو مقامات پر نام درج ہونے کی وجہ سے جن ووٹروں کے نام فہرست سے حذف کیے گئے ہیں، انہیں دوبارہ نام درج کرانے کا موقع دیا جائے گا۔ کمیشن نے کہا ہے کہ متعلقہ بوتھ لیول افسران، سیاسی جماعتوں کے بوتھ سطح کے ایجنٹوں کے ساتھ مل کر ایک بار پھر چھوٹ جانے والے ووٹروں کے نام شامل کرانے کی کوشش کریں گے۔

کمیشن نے کہا ہے کہ چھوٹ جانے والے ووٹروں کے گنتی کے فارم دوبارہ ای آر او ڈیش بورڈ پر دستیاب کرائے جائیں گے۔ بوتھ لیول افسران (بی ایل او) بھی گھر گھر جاکر رابطہ کریں گے۔ ووٹر ای سی آئی نیٹ ویب سائٹ اور ایپ کے ذریعے بھی فارم ڈاون لوڈ کرکے جمع کراسکیں گے۔ اگر پتے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے تو اس کی وجہ بتاتے ہوئے اعلانیہ دینا ہوگا۔ وہیں، ریاست کے اندر پتہ تبدیل ہونے کی صورت میں نئے پتے کا ثبوت اور اعلانیہ جمع کرانا ہوگا۔ فارم-8 جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

منظور شدہ درخواستوں کو حتمی ووٹر لسٹ میں شامل کیا جائے گا اور پرانا ای پی آئی سی نمبر بحال کردیا جائے گا۔ پہلے ہی فارم-6 جمع کرانے والے ووٹروں کو دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ حکام کو اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر تشہیر اور نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande