بی جے پی حکومت اے کیو آئی کے اعداد و شمار میں جعل سازی کرکے دہلی والوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کر رہی ہے: سوربھ بھاردواج
نئی دہلی، 6 نومبر:(ہ س )۔ عام آدمی پارٹی نے بی جے پی حکومت کی جانب سے دہلی کے اے کیو آئی (ایئر کوالٹی انڈیکس) کے اعداد و شمار میں کی جانے والی جعل سازی کے پیش نظر دہلی کے عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے کہا
بی جے پی حکومت اے کیو آئی کے اعداد و شمار میں جعل سازی کرکے دہلی والوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کر رہی ہے: سوربھ بھاردواج


نئی دہلی، 6 نومبر:(ہ س )۔

عام آدمی پارٹی نے بی جے پی حکومت کی جانب سے دہلی کے اے کیو آئی (ایئر کوالٹی انڈیکس) کے اعداد و شمار میں کی جانے والی جعل سازی کے پیش نظر دہلی کے عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ دیوالی سے پہلے ہی زہریلی ہو چکی ہوا میں لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ ایسے میں حکومت کی جانب سے اعداد و شمار میں جعل سازی کرکے آلودگی کی اصل صورت حال چھپانا عوام کے لیے مزید خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے دل کے ایک مریض کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر دل کا کوئی مریض حکومت کے فرضی اعداد و شمار پر یقین کرکے صبح کی سیر کے لیے باہر نکلتا ہے تو اسے دل کا دورہ بھی پڑ سکتا ہے۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ دہلی کی بی جے پی حکومت اے کیو آئی کے اعداد و شمار میں جس طرح کی جعل سازی کر رہی ہے، وہ کسی کے خاندان کے فرد کی جان بھی لے سکتی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ فرض کیجیے کسی کے گھر میں 65 سال کے کوئی بزرگ ہیں، جنہیں دل کی معمولی سی تکلیف ہے۔ وہ میڈیا یا کسی ایپ پر حکومت کی جانب سے جاری کردہ اے کیو آئی دیکھ کر یہ سوچتے ہیں کہ آلودگی زیادہ نہیں ہے اور اے کیو آئی صرف 150 سے 175 کے درمیان ہے، اس لیے وہ صبح کی سیر کے لیے نکل جاتے ہیں۔ لیکن حقیقت میں اے کیو آئی 450 ہوتا ہے، جسے حکومت پانی کا چھڑکاو کرکے کم دکھا رہی ہوتی ہے۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ جب وہ بزرگ صبح کی سیر کے لیے باہر نکلتے ہیں تو ہوا میں موجود باریک اور زہریلے ذرات سانس کے ذریعے ان کے پھیپھڑوں سے ہوتے ہوئے خون میں پہنچ جاتے ہیں۔ اس سے خون کی رگوں میں سوجن آ سکتی ہے اور خون کے لوتھڑے بن سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں، کسی بڑی علامت کے ظاہر ہوئے بغیر انہیں اچانک دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ اگر کوئی بزرگ حکومت کے جھوٹے اعداد و شمار پر بھروسہ کرکے اکیلے صبح کی سیر کے لیے جاتا ہے اور اسے دل کا دورہ پڑ جاتا ہے تو اس کی مدد کرنے والا بھی کوئی نہیں ہوگا۔ اسی لیے ہم کہہ رہے ہیں کہ ریکھا گپتا کی حکومت جو کچھ کر رہی ہے، وہ دہلی والوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ ہے اور اسے فوری طور پر بند کیا جانا چاہیے۔ دوسری جانب کونڈلی کے رکن اسمبلی کلدیپ کمار نے کہا کہ دہلی کے عوام ٹریفک جام اور آلودگی سے پریشان ہیں، لیکن آپ فکر نہ کیجیے، کیونکہ فی الحال ہماری وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کچھ مصروف ہیں۔ مشرقی دہلی کے عوام بھی پانی کی قلت سے پریشان ہیں، کیونکہ دیوالی اور ہندؤں کے تہوار کے موقع پر گنگ نہر کا پانی بند کر دیا گیا، لیکن ہماری وزیر اعلیٰ ابھی مصروف ہیں۔ کلدیپ کمار نے کہا کہ جیسے ہی وزیر اعلیٰ فارغ ہوں گی، وہ ایک گھنٹے میں دہلی سے آلودگی غائب کر دیں گی اور ہر گھر تک پانی پہنچ جائے گا۔ بس انہیں تھوڑا فارغ ہونے دیجیے، پھر دیکھیے کس طرح کام ہوتا ہے۔ اگر انہوں نے دہلی کو جاپان نہ بنا دیا تو کہیے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande