
ماسکو، 5 نومبر (ہ س)۔ روس نے جرمنی کو توانائی کی سپلائی دوبارہ شروع کرنے کے امکانات پر بات چیت کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ کے شعبہ اقتصادی تعاون کے ڈائریکٹر دمتری بریچوسکی نے ریا نووستی کو یہ اطلاع دی۔
بریچوسکی نے کہا کہ توانائی کی سپلائی بحال کرنے کے معاملے پر بات چیت میں روس کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ وہ ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی ان خبروں پر ردعمل ظاہر کر رہے تھے، جن میں روسی حکام اور جرمنی کی دائیں بازو کی جماعت ’آلٹرنیٹیو فار جرمنی‘ کے نمائندوں کے درمیان اگلے سال مجوزہ ملاقات کی تیاریوں کا ذکر کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کی سپلائی دوبارہ شروع کرنے کے امکانات پر بات چیت کے معاملے میں روسی فریق کئی مرتبہ واضح کر چکا ہے کہ اسے ایسی کسی گفتگو پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
واضح رہے کہ آلٹرنیٹیو فار جرمنی کی شریک صدر ایلس ویڈل نے ستمبر میں کہا تھا کہ جرمنی کو ایک بار پھر حیاتیاتی ایندھن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جرمنی میں روسی گیس کی سپلائی بحال کرنے کی بھی حمایت کی تھی۔
روس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپ کی توانائی پالیسی اور روس سے گیس کی درآمد کے معاملے پر جرمنی میں سیاسی بحث جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد