
پٹنہ، 5 نومبر (ہ س)۔ بہار کے وزیر صحت نشانت نے ریاست کی ندیوں میں جمع ہونے والی گاد کے مسئلے کے حل کے لیے بہار حکومت اور مرکزی حکومت کے درمیان ہوئے مفاہمت نامے کا خیرمقدم کیا ہے۔جمعرات کے روز جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بہار کی ندیوں میں گاد کے مسلسل بڑھتے ہوئے ذخیرے کی وجہ سے سیلاب اور زمین کے کٹاؤ جیسی سنگین مشکلات پیدا ہوتی رہی ہیں۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار مسلسل آواز اٹھاتے رہے ہیں اور مرکز کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کراتے رہے ہیں۔وزیر صحت نشانت نے کہا کہ ’بہار آبی وسائل کی بحالی اور گاد کے انتظام کی پالیسی 2026‘ کے تحت ہونے والا یہ معاہدہ ریاست کے مفاد میں ایک اہم قدم ہے۔ اس معاہدے کے تحت ندیوں سے نکالی جانے والی گاد کا استعمال سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں میں کیا جائے گا۔ اس سے نہ صرف گاد کا مناسب انتظام ممکن ہوگا بلکہ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور سیلاب و زمین کے کٹاؤ کے مسائل کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے اس مسئلے کے حل کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں۔ مرکز اور ریاستی حکومت کے درمیان اس سلسلے میں قائم ہونے والا تال میل بہار کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ وزیر صحت نشانت نے اس اہم پہل کے لیے جے ڈی یو کے متفقہ رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار، وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan