
علی گڑھ،04 نومبر (ہ س)۔
دیوالی کے موقع پر اتر پردیش اسٹیٹ رورل لائیولی ہڈ مشن کے تحت کمشنر دفتر کے احاطے میں ضلعی سطح کے سرس میلے کا افتتاح ڈویژنل کمشنر او پی آریہ نے کیا۔ یہ میلہ 5 نومبر تک جاری رہے گا، جس کا مقصد دیہی خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانا اور ان کی تیار کردہ مصنوعات کو بہتر بازار فراہم کرنا ہے۔
افتتاح کے بعد کمشنر نے مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا اور خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے میلوں سے دیہی خواتین کے روزگار اور معیشت کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ میلے میں پہنچ کر دیسی اور ہاتھ سے تیار کردہ مصنوعات خریدیں اور ووکل فار لوکل کو فروغ دیتے ہوئے خواتین کی حوصلہ افزائی کریں۔
میلے میں مختلف سیلف ہیلپ گروپس کی جانب سے دیوالی کی آرائشی اشیاء، گھریلو مصالحے، اچار، مربہ، گلاس لیمپ، ماحول دوست دونے اور پتل، ریڈی میڈ کپڑے، سینیٹری پیڈز، صفائی کے سامان اور پوجا کا سامان سمیت مختلف مصنوعات کے اسٹال لگائے گئے ہیں۔
اس موقع پر جے ڈی سی منشا رام یادو، محکمہ زراعت کے افسران، ڈپٹی ڈائریکٹر معذورین، ڈپٹی کمشنر این آر ایل ایم سمیت دیگر متعلقہ افسران اور سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین موجود رہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ