
بلند شہر، 5 نومبر (ہ س)۔ اترپردیش اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کی میرٹھ یونٹ نے منگل کی دیر رات 50 ہزار روپے کے انعامی بدمعاش کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزم باغپت ضلع میں گینگسٹر ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں مفرور تھا۔
ایس ٹی ایف فیلڈ یونٹ میرٹھ کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس برجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ باغپت ضلع کے دوگھٹ تھانہ علاقے میں گینگسٹر ایکٹ کے مقدمے میں مفرور میرٹھ کے رہنے والے ارباز کو بلند شہر کے برال ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا ہے۔
پوچھ گچھ کے دوران انعامی ملزم ارباز نے بتایا کہ وہ میرٹھ کی ذاکر کالونی میں کباڑ کی ایک دکان پر کام کرتا تھا۔ جنوری 2024 میں شاملی کے رہنے والے منوج اور اکشے دکان پر چوری کا سامان فروخت کرنے آئے تھے۔ اسی دوران دونوں سے اس کی جان پہچان ہو گئی اور وہ بھی ان کے ساتھ مل کر چوری کرنے لگا۔
مارچ 2024 میں اس نے اپنے ساتھی منوج اور اکشے کے ساتھ مل کر باغپت میں بجلی کے تار چوری کیے تھے۔ اس سلسلے میں دوگھٹ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اسے جیل بھی جانا پڑا تھا۔
ایڈیشنل ایس پی نے بتایا کہ جب ان تمام ملزمان کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تو وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے مختلف مقامات پر چھپ کر رہنے لگے۔ گرفتار ارباز پر 50 ہزار روپے کا انعام مقرر تھا۔ ایس ٹی ایف نے اسے گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے باغپت پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی