بہار میں 43 لاکھ سے زائد غریب خاندانوں کا پکے مکان کا خواب پورا، پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت تعمیرات جاری
پٹنہ، 4 نومبر(ہ س)۔بہار کے دیہی علاقوں میں بے گھر اور خستہ حال مکانوں میں رہنے والے غریب خاندانوں کی زندگی میں تبدیلی آ رہی ہے۔ پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت ریاست میں اب تک 43 لاکھ 14 ہزار 959 مستفیدین اپنے پکے مکانوں کی تعمیر مکمل کر چک
بہار میں 43 لاکھ سے زائد غریب خاندانوں کا پکے مکان کا خواب پورا، پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت تعمیرات جاری


پٹنہ، 4 نومبر(ہ س)۔بہار کے دیہی علاقوں میں بے گھر اور خستہ حال مکانوں میں رہنے والے غریب خاندانوں کی زندگی میں تبدیلی آ رہی ہے۔ پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت ریاست میں اب تک 43 لاکھ 14 ہزار 959 مستفیدین اپنے پکے مکانوں کی تعمیر مکمل کر چکے ہیں۔ محکمہ دیہی ترقیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2016-17 سے اب تک مجموعی طور پر 49 لاکھ 16 ہزار 649 مکانات کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا، جس کے مقابلے 49 لاکھ 9 ہزار 740 مستفیدین کے مکانات منظور کیے جا چکے ہیں۔ بہار حکومت نے اس اسکیم کے شفاف نفاذ اور بنیادی سہولیات کے ساتھ مکانات کی فراہمی پر اب تک مجموعی طور پر 56,743.40 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

محکمہ دیہی ترقیات کے حکام کے مطابق ریاست میں اس اسکیم پر تیزی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اس اسکیم کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں مالی سال 2016-17 سے 2021-22 تک 37 لاکھ 1 ہزار 138 مکانات کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے مقابلے میں 37 لاکھ 53 ہزار 531 مستفیدین کے مکانات منظور کیے گئے، جن میں سے 36 لاکھ 63 ہزار 701 خاندانوں کے مکانات کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ پہلے مرحلے میں مستفیدین کو فنڈ کی تینوں قسطیں بروقت اور شفاف طریقے سے فراہم کی گئیں، جس سے دیہی علاقوں میں رہائش کی صورت حال میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔اسی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے دوسرے مرحلے میں مالی سال 2024-25 اور 2025-26 کے دوران مجموعی طور پر 12 لاکھ 15 ہزار 511 مکانات کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مرحلے میں اب تک 12 لاکھ 9 ہزار 209 مستفیدین کے مکانات منظور کیے جا چکے ہیں۔ اسکیم کی پیش رفت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دوسرے مرحلے میں 11 لاکھ 70 ہزار 945 مستفیدین کو پہلی قسط، 10 لاکھ 21 ہزار 366 کو دوسری قسط اور 7 لاکھ 13 ہزار 329 مستفیدین کو تیسری قسط کی رقم ادا کی جا چکی ہے۔اس کے نتیجے میں دوسرے مرحلے میں 6 لاکھ 51 ہزار 258 مستفیدین اپنے پکے مکانوں کی تعمیر مکمل کر چکے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت فی مستفید کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اس رقم سے تعمیر ہونے والے پکے مکانات نہ صرف بے گھر خاندانوں کو چھت فراہم کر رہے ہیں بلکہ ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے ساتھ سماجی تحفظ اور باوقار زندگی گزارنے کا موقع بھی فراہم کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں محکمہ دیہی ترقیات اور اطلاعات و تعلقات عامہ کے وزیر شریون کمار نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے ذریعے غریب اور کمزور خاندانوں کو نہ صرف رہائش مل رہی ہے بلکہ انہیں عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع بھی حاصل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مکمل شفافیت اور تیز رفتاری کے ساتھ منظور شدہ مکانات کی تعمیر کو یقینی بنا رہا ہے۔ امدادی رقم کی قسطیں براہ راست مستفیدین کے بینک کھاتوں میں بروقت منتقل کی جا رہی ہیں، تاکہ تعمیراتی کام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن خاندانوں کے مکانات کی تعمیر ابھی جاری ہے، ان کے کام بھی سو فیصد ہدف حاصل کرنے کے مقصد سے جلد از جلد مکمل کرائے جائیں گے۔ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan


 rajesh pande