عدالت کی تحویل میں رہنے والے بچے کو روس لے جانے پر سپریم کورٹ سخت، ہندوستان واپس لانے کے لیے مرکز کو فوری اقدامات کی ہدایت
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ عدالت کی تحویل میں رہنے والے ایک بچے کو روس لے جانے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ بچے کو ہندوستان واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ جسٹس دیپانکر دتہ کی صدارت والی بنچ نے بچے کی والدہ اور روسی
عدالت کی تحویل میں رہنے والے بچے کو روس لے جانے پر سپریم کورٹ سخت، ہندوستان واپس لانے کے لیے مرکز کو فوری اقدامات کی ہدایت


نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ عدالت کی تحویل میں رہنے والے ایک بچے کو روس لے جانے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ بچے کو ہندوستان واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ جسٹس دیپانکر دتہ کی صدارت والی بنچ نے بچے کی والدہ اور روسی شہری وکٹوریہ باسو کے طرز عمل پر سخت اعتراض ظاہر کیا۔ الزام ہے کہ وہ اپنے چھوٹے بیٹے کے ساتھ نیپال کے راستے ہندوستان سے فرار ہو کر روس چلی گئی ہیں۔

عدالت نے کہا کہ اس واقعے سے عدلیہ کا وقار داؤ پر لگ گیا ہے اور ماں کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ عدالتی کارروائی کے دوران ملنے والی نرمی کا فائدہ اٹھائے۔ یہ معاملہ وکٹوریہ باسو اور ان کے شوہر سَیکت باسو کے درمیان ان کے 6 سالہ بیٹے کی تحویل کو لے کر جاری تنازع سے متعلق ہے۔ وکٹوریہ اپنے شوہر سے الگ رہ رہی ہیں۔

وکٹوریہ 2019 سے ہندوستان میں رہ رہی تھیں۔ انہوں نے 2023 میں سپریم کورٹ میں حبسِ بے جا (ہیبیئس کارپس) کی عرضی دائر کی تھی۔ ان کا الزام تھا کہ شوہر کے ساتھ اختلافات کے بعد انہیں اپنے بیٹے سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کئی عبوری احکامات جاری کیے تھے، تاکہ والدین اپنے بچے کی تحویل مشترکہ طور پر حاصل کر سکیں۔ ابتدا میں اس جوڑے کو دہلی کے بنگ بھون میں الگ الگ رہنے کی جگہ دی گئی اور ان کے اختلافات دور کرنے کے لیے انہیں ثالثی کے عمل سے بھی گزارا گیا۔

عدالت نے 22 مئی 2025 کو مشترکہ تحویل کا ایک انتظام طے کیا تھا، جس کے تحت بچہ ہفتے میں تین دن اپنی ماں کے پاس اور باقی چار دن اپنے والد کے پاس رہتا تھا۔ تاہم، 7 جولائی 2025 کو والد نے عدالت کو بتایا کہ ماں اور بچہ لاپتہ ہیں۔ دہلی پولیس کی تحقیقات سے پتہ چلا کہ وکٹوریہ دہلی سے بہار کے نرکٹیا گنج گئیں، وہاں سے نیپال میں داخل ہوئیں اور بالآخر متحدہ عرب امارات کے شارجہ کے راستے روس پہنچ گئیں۔

ان واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے سپریم کورٹ نے یکم اگست 2025 کو ایک حکم جاری کرکے واضح کیا تھا کہ عملی طور پر بچہ عدالت ہی کی تحویل میں ہے۔ عدالت نے وزارت خارجہ کو ہدایت دی تھی کہ وہ ماسکو میں واقع ہندوستانی سفارت خانے سے کہے کہ وہ فوری طور پر وکٹوریہ اور بچے سے رابطہ قائم کرے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande