
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ سپریم کورٹ نے بدھ کے روز کہا کہ وہ 19 نومبر کو ان خدشات پر سماعت کرے گا، جو الیکشن کمیشن کی اس وضاحت کو لے کر ظاہر کیے گئے ہیں، جس میں دہلی کی ووٹر لسٹ کے مسودے سے نام خارج ہونے والے ووٹروں کو خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل کے دوران فارم-6 بھر کر دوبارہ رجسٹریشن کرانے کی اجازت دی گئی ہے۔
چیف جسٹس سوریہ کانت کی صدارت والی بنچ نے سماعت کے دوران درخواست گزاروں کو یقین دلایا کہ ووٹروں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ یہ معاملہ پہلے ہی عدالتی غور و خوض کے تحت ہے۔ عدالت نے درخواست گزاروں انجلی بھاردواج اور امرتا جوہری سے کہا کہ وہ ایک مناسب درخواست دائر کریں، جس میں الیکشن کمیشن کی 3 نومبر کی وضاحت کو عدالتی ریکارڈ پر لایا جائے۔
درخواست گزاروں کے وکیل پرشانت بھوشن نے عدالت کو بتایا کہ ووٹر اس بات کو لے کر خوفزدہ ہیں کہ فارم-6 بھرنے پر ان کے خلاف غلط معلومات دینے کا مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔ اس پر چیف جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ جب ہم اس معاملے کی سماعت کر رہے ہیں تو لوگوں کو اس طرح خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت نے اشارہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ الیکشن کمیشن سے دعوے اور اعتراضات درج کرانے کی آخری تاریخ 25 نومبر سے آگے بڑھانے کے لیے کہہ سکتی ہے۔
سپریم کورٹ میں انجلی بھاردواج اور امرتا جوہری کی جانب سے دائر درخواست میں دہلی میں ایس آئی آر کے دوران مسودہ ووٹر لسٹ سے تقریباً 47.56 لاکھ ووٹروں کے نام غیر حاضر، منتقل شدہ، فوت شدہ یا دوہری اندراج کے زمرے میں خارج کیے جانے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن ان خارج کیے گئے ووٹروں سے دوبارہ نام شامل کرانے کے لیے فارم-6 بھرنے کو کہہ رہا ہے۔
پرشانت بھوشن کا مؤقف ہے کہ فارم-6 خاص طور پر پہلی بار ووٹر بننے والوں کے لیے ہوتا ہے، جس میں یہ اعلان کرنا ضروری ہوتا ہے کہ درخواست گزار کا نام پہلے سے کسی دوسری جگہ ووٹر لسٹ میں درج نہیں ہے۔ پہلے سے رجسٹرڈ ووٹروں سے یہ فارم بھروانا انہیں قانونی پریشانی میں ڈال سکتا ہے۔
اس سے قبل 28 اکتوبر کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ پہلے سے رجسٹرڈ ووٹروں کو نئے سرے سے درخواست دینے کے لیے مجبور کرنا درست نہیں ہے۔ عدالت نے مشورہ دیا تھا کہ جو لوگ اپنا رہائشی پتہ تبدیل کر چکے ہیں، انہیں پتے میں ترمیم کے لیے فارم-8 بھرنے کی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب، الیکشن کمیشن نے 3 نومبر کو ملک کے تمام چیف الیکٹورل آفیسرز کو ایک وضاحت جاری کی ہے۔ اس میں کمیشن نے دہلی ہائی کورٹ کے ایک پرانے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خارج کیے گئے ووٹر دوبارہ اپنا نام شامل کرانے کے لیے فارم-6 کا استعمال کر سکتے ہیں اور اسے ’’غلط اعلان‘‘ نہیں سمجھا جائے گا۔
کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صرف اس بنیاد پر کسی بھی ووٹر کے خلاف قانونی کارروائی یا مقدمہ نہیں چلایا جائے گا کہ اس کا نام پہلے بھی ووٹر لسٹ میں شامل تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد