
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ ہندوستھان سماچار کے دہلی دفتر میں بدھ کے روز رویندر کشور سنہا (آر کے سنہا) کی یاد میں تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ صحافی، صنعت کار، سیاست داں اور سکیورٹی ایجنسی ایس آئی ایس کے بانی آر کے سنہا ہندوستھان سماچار نیوز ایجنسی کے چیئرمین رہ چکے تھے۔ طویل علالت کے بعد 30 اکتوبر کو ان کا انتقال ہو گیا تھا۔
دہلی میں پنچکوئیاں روڈ واقع ہندوستھان سماچار کے مرکزی دفتر میں تعزیتی نشست منعقد کی گئی۔ اس میں نیوز ایجنسی کے گروپ ایڈیٹر رام بہادر رائے اور سینئر صحافی اشوک ٹنڈن سمیت ایجنسی میں موجودہ اور سابقہ طور پر کام کرنے والے صحافیوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں ایجنسی کے ساتھ کام کرنے والے ساتھی گوگل میٹ کے ذریعے اس نشست میں شامل ہوئے۔ اس دوران کچھ ساتھیوں نے ان کی فیاضی، کام کرنے کے انداز اور نیوز ایجنسی میں ان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربات بھی بیان کیے۔
سینئر صحافی رام بہادر رائے نے انہیں ایک دوست کے طور پر یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح ایک مشکل دور میں انہوں نے ایجنسی کی ذمہ داری سنبھالی اور اسے صحافت کے میدان میں آگے بڑھانے کا کام کیا۔ انہوں نے خاص طور پر اس بات کا ذکر کیا کہ صنعت کار اور راجیہ سبھا کے رکن ہونے کے باوجود انہیں تحریر و تصنیف سے گہری دلچسپی تھی۔
وہیں اشوک ٹنڈن نے بھی انہیں ایک دوست، صحافی اور آنجہانی بالیشور اگروال کے ساتھ کام کرنے کے دنوں کے ساتھی کے طور پر یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہی کی ترغیب سے آر کے سنہا ہندوستھان سماچار سے وابستہ ہوئے اور اس کی ذمہ داری سنبھالی۔
ہندوستھان سماچار کے ساتھیوں نے آنجہانی ڈاکٹر سنہا کی تصویر پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے انکی کے روح کی تسکین کے لیے دعا کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد