
نئی دہلی، 4 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان کو مستقبل کی ٹیکنالوجیز تیار کرنے کے لیے اہم معدنیات کی پروسیسنگ کی اپنی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لیتھیم، نکل اور کوبالٹ جیسی معدنیات الیکٹرک گاڑیوں، بیٹریوں، الیکٹرانکس اور دفاعی شعبے کے لیے انتہائی ضروری ہیں، لیکن پروسیس شدہ معدنیات کے معاملے میں ہندوستان اب بھی بڑے پیمانے پر درآمدات پر منحصر ہے۔
وزیر اعظم نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں سوال اٹھایا کہ کیا ہندوستان کو مستقبل کی ضروریات پوری کرنے والی اہم معدنیات کی پروسیسنگ کے لیے دوسرے ممالک پر انحصار کرنا چاہیے؟ انہوں نے کہا، ’’میرا ماننا بالکل ایسا نہیں ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ اس انحصار کو کم کرنے اور ملک میں ہی پروسیسنگ کی صلاحیت تیار کرنے کے مقصد سے مرکزی کابینہ نے ایک نئی اسکیم کو منظوری دی ہے۔ اس کے تحت اہم معدنیات کی پروسیسنگ کے لیے نئے پلانٹس قائم کیے جائیں گے اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے کیپٹل سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس پہل سے ملک میں معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کو فروغ ملے گا اور سپلائی چین مضبوط ہوگی۔ مستقبل کی ٹیکنالوجیز کی تیاری کے لیے ضروری صلاحیتیں ہندوستان کو ملک کے اندر ہی فروغ دینی ہوں گی۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی کابینہ نے اہم معدنیات کی پروسیسنگ کو فروغ دینے کے لیے 2,814 کروڑ روپے کے مالیاتی اخراجات والی اسکیم کو منظوری دی ہے۔ یہ اسکیم مالی سال 27-2026 سے 31-2030 تک پانچ برسوں کے لیے نافذ کی جائے گی۔ اس کا مقصد اہم معدنیات کی پروسیسنگ کے شعبے میں گھریلو صنعت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد