اگنی ویروں کو ملازمت میں دو سال کی توسیع،مستقل فوجی بننے کا موقع بھی ملے گا
نئی دہلی، 04 نومبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے بدھ کے روز ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اگنی پتھ اسکیم کے تحت چار سال کی مدت پوری کرنے کے بعد سبکدوش ہونے والے 75 فیصد اگنی ویروں کو مزید دو سال تک خدمات انجام دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے بعد انہیں مستقل فوج
اگنی ویروں کو ملازمت میں دو سال کی توسیع،مستقل فوجی بننے کا موقع بھی ملے گا


نئی دہلی، 04 نومبر (ہ س)۔

مرکزی حکومت نے بدھ کے روز ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اگنی پتھ اسکیم کے تحت چار سال کی مدت پوری کرنے کے بعد سبکدوش ہونے والے 75 فیصد اگنی ویروں کو مزید دو سال تک خدمات انجام دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے بعد انہیں مستقل فوجی خدمات میں شامل ہونے کا موقع بھی ملے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے آج وزارت دفاع کی اس تجویز کو منظوری دی۔ قومی میڈیا سینٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے بتایا کہ حکومت نے اگنی ویروں کے لیے ہندوستانی مسلح افواج میں شامل ہونے کا راستہ ہموار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ اسکیم کے تحت 25 فیصد اگنی ویروں کو اہلیت کی بنیاد پر مستقل فوجی دستوں میں بھرتی کیا جاتا ہے، جبکہ باقی 75 فیصد کو فوجی خدمات چھوڑنی پڑتی تھیں۔ اب کابینہ نے باقی 75 فیصد اگنی ویروں کو بھی دو سال کی توسیعِ ملازمت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اضافی دو سالہ مدت کی تکمیل کے بعد فوج میں شامل ہونے کے خواہش مند اگنی ویروں کو معروضی انتخابی معیار کی بنیاد پر مسلح افواج میں بھرتی کیا جائے گا۔

سی ڈی ایس جنرل سبرامنیم نے کہا کہ آج ہندوستانی مسلح افواج اور اگنی ویروں کے لیے انتہائی اہم دن ہے، کیونکہ کابینہ نے تمام اگنی ویروں کے لیے مسلح افواج میں شامل ہونے کا راستہ کھول دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کا آغاز 14 جون 2022 کو کیا گیا تھا۔ اس وقت یہ طے کیا گیا تھا کہ اگنی ویروں کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور وقتاً فوقتاً اسکیم کا بھی جائزہ لیا جاتا رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اگنی ویروں کا پہلا بیچ اب اپنی چار سالہ مدتِ ملازمت مکمل کرنے والا ہے۔ ان چار برسوں کے دوران ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے پر ان کے بارے میں کافی مثبت تاثرات سامنے آئے ہیں۔ اسی بنیاد پر چار سال کی مدت مکمل کرنے والے اگنی ویروں کو مزید دو سال کی توسیعِ ملازمت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande