
گوہاٹی، 04 نومبر (ہ س)۔ گوہاٹی کے ہوٹل ’ولاس ان‘ میں گزشتہ دنوں پانچ افراد کو گولی مار کر قتل کرنے کے ملزم گھن کانت گوگوئی کو آج علی الصبح تقریباً 3:10 بجے پولیس نے اس وقت ہلاک کردیا، جب اس نے پستول چھین کر حراست سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
سات روزہ پولیس ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد پولیس نے منگل کو گھن کانت کو کامروپ میٹروپولیٹن ضلع کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) کی عدالت میں پیش کیا ۔عدالت نے اسے عدالتی تحویل میں جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد شیو ساگر پولیس گھن کانت گوگوئی کو لے کر گوہاٹی سینٹرل جیل سے شیو ساگر روانہ ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ راستے میں آج علی الصبح تقریباً 3:10 بجے پھول پانی سگار رنگمن ڈھابے کے قریب گھن کانت نے پولیس ٹیم پر حملہ کردیا اور ایک پولیس اہلکار کی پستول چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق, اس حملے میں شیو ساگر شہر کے سب انسپکٹر دیباشیش شرما زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں گھن کانت گوگوئی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
گزشتہ26 اکتوبر 2026 کی رات تقریباً 9 بجے ہوٹل ولاس ان میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے رات تقریباً 10 بجے ملزم گھن کانت کو گرفتار کرلیا تھا۔ اس فائرنگ میں بھودیو بھرالی (65)، ہیلینا بھرالی (58)، دیورشی کشیپ (39)، رنیکی کشیپ (30) اور نارائن داس (48) کی موت ہوگئی تھی۔
بھودیو بھرالی اور نارائن داس کا تعلق بارپیٹا سے تھا، جب کہ ہیلینا بھرالی، دیورشی کشیپ اور رنیکی کشیپ فی الحال گوہاٹی کے نوین نگر میں رہتے تھے، تاہم ان کا آبائی تعلق بھی بارپیٹا سے ہی تھا۔ فائرنگ میں زخمی ہونے والے ستیندر پاٹھک (43) بھی بارپیٹا کے رہنے والے ہیں۔ ان کا فی الحال گوہاٹی میڈیکل کالج اسپتال (جی ایم سی ایچ) میں علاج جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد