قرآن کریم ہی امن و آشتی کا ابدی منشور ہے: مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کا بائیسواں کل ہند مسابقہ حفظ و تجوید و تفسیر قرآن کریم اختتام پذیر، ملک بھر کے تقریباً 150 اداروں کے 670 سے زائد طلبہ کی شرکت نئی دہلی، 4 نومبر(ہ س)۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا دو روزہ بائیسو
قرآن کریم ہی امن و آشتی کا ابدی منشور ہے: مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی


مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کا بائیسواں کل ہند مسابقہ حفظ و تجوید و تفسیر قرآن کریم اختتام پذیر، ملک بھر کے تقریباً 150 اداروں کے 670 سے زائد طلبہ کی شرکت

نئی دہلی، 4 نومبر(ہ س)۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا دو روزہ بائیسواں کل ہند مسابقہ حفظ و تجوید و تفسیر قرآن کریم 2 نومبر کی شام اہل حدیث کمپلیکس میں شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی اجلاس میں ملک بھر کی ممتاز علمی و دینی شخصیات، علمائے کرام، قرائ، حفاظ، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ مقررین نے مسابقے کو تاریخی، مثالی اور نئی نسل کو قرآن کریم سے جوڑنے کی اہم کوشش قرار دیا۔

اختتامی اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے کہا کہ قرآن کریم ہی انسانوں اور معاشروں کے لیے امن و آشتی کا ابدی منشور ہے۔ اگر اس کی تعلیمات کو حقیقی معنوں میں اپنایا جائے اور اس کے معانی و مطالب کو عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے تو دنیا میں امن، سکون، اخوت، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات پر عمل سے فتنہ و فساد اور معاشرتی انتشار کا خاتمہ ممکن ہے۔

مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے حاضرین، اساتذہ، طلبہ، ان کے والدین اور مسابقے میں طلبہ بھیجنے والے اداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج انسانیت مختلف چیلنجز اور آزمائشوں سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں قرآن کریم کی طرف رجوع کرنا، اس کی تعلیمات کو سمجھنا اور انہیں اپنی زندگی میں نافذ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے قرآن و سنت کو فہمِ سلف کی روشنی میں سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی تلقین کی، تاکہ فکری انتشار اور شکوک و شبہات سے محفوظ رہتے ہوئے دین و ایمان کی حفاظت اور انسانیت کی خدمت کی جا سکے۔انہوں نے تقریباً ڈیڑھ سو مدارس و جامعات، کلیات، معاہد اور اسکولوں سے آئے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس اسلام کے مضبوط قلعے اور حقوقِ انسانیت کے ضامن ہیں۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے اداروں کی قدر کریں اور قرآن کے آداب و اخلاق کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے تحمل و برداشت اختیار کرنے، دوسروں کی تغلیط و تبدیع سے حتی الامکان بچنے اور قرآن کی تفسیر میں احادیث نبویہ کو بنیادی اہمیت دینے پر بھی زور دیا۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سلفی نے خیرمقدمی خطاب میں کہا کہ یہ اجتماع قرآن کریم کی عظمت و رفعت سے وابستگی اور اپنے قلوب و اذہان کو اس کے نور سے منور کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مسابقے کی کامیابی پر امیر جمعیت مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے حسنِ انتظام اور کامیاب انعقاد میں ان کی شبانہ روز محنت کا اہم کردار رہا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اخترالواسع، پروفیسر ایمریٹس جامعہ ملیہ اسلامیہ نے مسابقے کی بین المسالک وسعت کو قابلِ قدر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کسی مخصوص مسلک کے طلبہ تک شرکت محدود نہیں رکھی گئی، بلکہ تمام مکاتب فکر کے طلبہ کو موقع دیا گیا اور مختلف مکاتب فکر کے ممتاز قرائ کو بطور حکم مدعو کیا گیا۔ یہ اقدام علمی کشادہ نظری، رواداری اور وسیع القلبی کی مثال ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے بھی مسابقے کے کامیاب انعقاد پر جمعیت کی قیادت اور منتظمین کو مبارک باد دی اور قرآن میں تدبر و عمل کی ضرورت پر زور دیا۔

مولانا خورشید عالم مدنی، مولانا محمد علی مدنی، مولانا شفیق عالم جامعی، مولانا محمد خورشید عالم محمدی، مولانا عبدالسلام سلفی، مولانا محمد اسماعیل سرواری، مولانا طہٰ سعید عمری مدنی اور ڈاکٹر عبداللطیف کندی سمیت مختلف صوبائی جمعیتوں کے ذمہ داران نے بھی مسابقے کو قرآن فہمی، حفظ و قرائت کے فروغ اور نئی نسل کی دینی تربیت کے لیے اہم کوشش قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ کی حوصلہ افزائی کے ساتھ انہیں قرآن کریم سے مضبوط تعلق قائم کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

دارالعلوم دیوبند وقف کے استاذ قاری علائ الدین قاسمی نے چھ زمروں کے تقریباً بیس منصفین کی نمائندگی کرتے ہوئے مسابقے کے انتظامات اور معیار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کئی برسوں سے اس مسابقے میں بحیثیت حکم شریک ہو رہے ہیں اور ہر سال اس کے انتظامی معیار اور شرکائ کی تعداد میں بہتری محسوس کرتے ہیں۔ ان کے مطابق مختلف مسالک کے طلبہ کو بلاامتیاز شرکت کا موقع دینا مرکزی جمعیت کی رواداری کا ثبوت ہے۔ دیگر مقررین نے بھی حفظ قرآن کے ساتھ اس کے معانی و مفاہیم سمجھنے اور عملی زندگی میں اس کی تعلیمات اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔پریس ریلیز کے مطابق، اس سال مسابقے میں ملک بھر کے تقریباً 150 مدارس، مکاتب، جامعات، کلیات، معاہد اور عصری تعلیمی اداروں کے 670 سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ مسابقہ چھ زمروں پر مشتمل تھا، جن میں مکمل حفظ قرآن، 20 پارے، 10 پارے، 5 پارے، ناظرہ قرآن اور تفسیر قرآن شامل تھے۔ مختلف زمروں میں منصفانہ فیصلوں کے لیے ملک کے معروف تعلیمی اداروں سے وابستہ قرائ، حفاظ اور علمائے کرام کی خدمات حاصل کی گئیں۔

ہر زمرے میں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو اسنادِ تفوق، نقد انعامات اور دیگر اعزازات سے نوازا گیا، جبکہ تمام شرکائ کو توصیفی اسناد اور تشجیعی انعامات دیے گئے۔ تقریباً بیس منصفین نے مسابقے کے مختلف مراحل میں اپنی خدمات انجام دیں۔

اختتامی اجلاس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے عہدیداران، عاملہ کے اراکین، مختلف صوبائی جمعیتوں کے امرائ و نظمائ، علمائے کرام، حفاظ و قرائ، اساتذہ، سرپرستوں اور دہلی و اطراف کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے امید ظاہر کی کہ یہ مسابقہ آئندہ بھی نئی نسل میں قرآن کریم کے حفظ، تجوید، تفسیر اور فہم کا شوق پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande