
علی گڑھ، 03 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے وزیر مملکت برائے اقلیتی بہبود، مسلم وقف و حج دانش آزاد انصاری نے ایک نجی ہوٹل میں اقلیتی بہبود محکمہ کی ڈویژنل جائزہ میٹنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ محکمہ کی فلاحی اسکیموں کی تشہیر کریں، طلبہ کی حوصلہ افزائی کریں اور مدارس کا باقاعدگی سے معائنہ کرکے تعلیمی معیار کو یقینی بنائیں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ علی گڑھ ڈویژن میں پری میٹرک کے 530 اور پوسٹ میٹرک کے 380 طلبہ سمیت کل 910 طلبہ کے کھاتوں میں 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کی اسکالرشپ منتقل کی گئی ہے۔
وزیر مملکت نے پردھان منتری جن وکاس کاریہ کرم کے تحت ضلع کاس گنج میں ہونے والے بہتر کاموں کی ستائش کرتے ہوئے دیگر اضلاع کو بھی نئے منصوبوں کی تجاویز بھیجنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے 18 دسمبر کو اقلیتی حقوق کے دن کے موقع پر شاندار پروگرام منعقد کرنے اور مدارس کے ہونہار طلبہ کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا تعلیمی دورہ کرانے کی بھی ہدایت دی۔
انہوں نے مدرسہ منتظمین سے کہا کہ بچوں کو این سی ای آر ٹی اور ایس سی ای آر ٹی کے نصاب کے مطابق معیاری تعلیم فراہم کریں اور ان کی تعلیم کے ساتھ کسی قسم کی لاپروائی نہ برتی جائے۔ اجلاس میں وقف املاک کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے مطابق ضلع علی گڑھ میں 1669 سنی اور 97 شیعہ وقف املاک درج ہیں۔میٹنگ میں محکمہ کے افسران، مدرسہ منتظمین اور دیگر متعلقہ افراد موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ