
حیدرآباد میٹرو ریل پروجیکٹ کیلئے مزید 150 کروڑ کی منظوریحیدرآباد، 03 نومبر(ہ س)۔ تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد شہرمیں بڑھتی ہوئی آبادی اورٹریفک کے مسائل کامستقل حل فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید موثر اور تیزتر بنانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے حیدرآباد میٹرو ریل پروجیکٹ کے فیز۔2 کے ابتدائی کاموں کے لیے 150 کروڑ روپے کی منظوری کے انتظامی احکامات جاری کیے ہیں۔ اس کے علاوہ 125 کروڑ روپے قرض کے فنڈز کے تحت منظور کیے گئے ہیں۔ یہ فنڈزشہرکے صنعتی وآئی ٹی سیکٹر اور مضافاتی علاقوں کو میٹرو نیٹ ورک سے جوڑنے کے مقصد سے مختص کیے گئے ہیں۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ ان فنڈز کے ذریعے میٹرو پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کی وزیبلٹی اسٹڈیز، بنیادی کاموں اور کاریڈورسروے میں تیزی آئے گی۔ خاص طور پرفیز۔2 کے تحت شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، رائے درگ تا کوکاپیٹ اورتکوگوڑہ، نیز پرانے شہر میں ایم جی بی ایس تا چندرائن گٹہ سمیت دیگرمضافاتی علاقوں کو جوڑنے والی مجوزہ راہداریوں کی پیش رفت کو رفتار ملے گی۔ اس کے علاوہ 125 کروڑ روپے پروجیکٹ کے انتظامی امور کو تیز کرنے اور مالی امورکومتوازن بنانے کےلیے استعمال ہوں گے۔ ان فنڈز کے اجرا سے حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کو تقویت ملے گی اور شہریوں کوزیادہ تیزاورمحفوظ سفری سہولیات دستیاب ہوں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمدعبدالخالق