
علی گڑھ، 03 نومبر (ہ س)۔ ہندوستان کی مردم شماری 2027 کے دوسرے مرحلے کی تیاریوں کے سلسلے میں منگل کو علی گڑھ ڈویژن کے مردم شماری افسر او پی آریہ کی صدارت میں جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میں مردم شماری کے کام کو وقت پر اور غلطیوں سے پاک طریقے سے مکمل کرنے کے لیے افسران کو ضروری ہدایات دی گئیں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ 16 سے 30 نومبر 2026 تک شہریوں کو آن لائن خود شماری کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس کے تحت وہ اپنے اور اہل خانہ کی تفصیلات درج کرسکیں گے۔ خود شماری مکمل ہونے پر حاصل ہونے والی ایک ای آئی ڈی محفوظ رکھنی ہوگی اور گھر پہنچنے والے شمار کنندہ کو فراہم کرنی ہوگی۔
یکم دسمبر 2026 سے 4 جنوری 2027 تک شمار کنندگان گھر گھر جاکر معلومات جمع کریں گے، جبکہ 5 سے 9 جنوری تک جانچ اور نظرثانی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
ڈویژنل مردم شماری افسر نے افسران کو ہدایت دی کہ شمار کنندگان اور سپروائزرس کی تربیت سمیت تمام تیاریاں مقررہ وقت پر مکمل کی جائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خود شماری میں حصہ لیں اور شمار کنندگان کو درست معلومات فراہم کرکے اس قومی کام میں تعاون کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ