
نئی دہلی، 28 نومبر (ہ س)۔ دہلی کے وزیرِ صحت ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ کی رہنمائی میں آج وکاس پوری کے شیو وہار ویسٹ میں واقع رکنِ اسمبلی کے دفتر میں ایک مفت طبی کیمپ منعقد کیا گیا۔ مقامی اسپتال کے تعاون سے منعقدہ اس کیمپ میں تقریباً 1,800 افراد نے رجسٹریشن کرایا اور مفت طبی خدمات سے فائدہ اٹھایا۔
کیمپ میں آنکھوں کا معائنہ، بلڈ پریشر اور شوگر کی جانچ، دانتوں کا معائنہ، ای سی جی اور ماہرِ امراضِ نسواں سمیت مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں سے مشورے کی سہولت فراہم کی گئی۔
اس پہل کے تحت آنکھوں کے معائنے کے بعد تقریباً 500 افراد کو مفت عینکیں تقسیم کی گئیں۔ وہیں، تقریباً 600 افراد کے بلڈ پریشر اور شوگر کی جانچ کی گئی، 300 افراد نے دانتوں کے علاج سے متعلق مشورہ حاصل کیا اور تقریباً 100 افراد کی ای سی جی کی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر طبی مشورے اور صحت کی جانچ کی سہولیات بھی مکمل طور پر مفت فراہم کی گئیں۔
ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے عوامی طبی پروگرام حکومت کی اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ بنیادی صحت خدمات کو مضبوط بنایا جائے اور معیاری طبی سہولیات لوگوں کے گھر تک پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت طبی معائنہ اور ڈاکٹروں سے مشورہ بیماریوں کی ابتدائی تشخیص اور روک تھام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ہندوستان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی