
علی گڑھ, 28 نومبر (ہ س)۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے ریسرچ، انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ (آر آئی ای ڈی) سیل نے اجمل خاں طبیہ کالج میں ‘‘نیچرل سائنسز میں تحقیق و اختراع: اختراعی نظام کی تشکیل، صنعت اور کاروباری افراد سے روابط’’ موضوع پر شعبہ کیمسٹری، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی پروفیسر فرخ ارجمند کے خصوصی خطبہ کا اہتمام کیا۔
پروفیسر فرخ ارجمند نے غیر نامیاتی کیمسٹری کے میدان میں اپنی 26 سالہ تحقیق کے حوالے سے گفتگو کی۔ انھوں نے تحقیقی تصورات کو عملی اطلاق اور کاروباری منصوبوں میں تبدیل کرنے کے مراحل پر روشنی ڈالتے ہوئے سائنسی جستجو، ثابت قدمی اور صنعتوں کے ساتھ اشتراک کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے مسلسل تحقیق کے ذریعہ پیٹنٹ حاصل کرنے کا اپنا تجربہ بھی بیان کیا۔
قبل ازیں، استقبالیہ خطاب میں فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کی ڈین اور آر آئی ای ڈی سیل کی کوآرڈنیٹر پروفیسر سیدہ آمنہ ناز نے تحقیق و اختراع کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انھوں نے کہاکہ سیل کے قیام کے ایک سال مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران باقاعدگی سے ماہرین کے خصوصی خطبات، علمی تبادلے اور مختلف اداروں کے دوروں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ آر آئی ای ڈی سیل کے شریک کوآرڈنیٹر پروفیسر ضمیر احمد نے اختتامی کلمات ادا کیے، جبکہ سیل کی رکن ڈاکٹر ابیہہ احمد خان نے اظہار تشکر کیا۔ پروگرام کی نظامت سیل کی رکن ڈاکٹر سنبل رحمان نے کی۔
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ