
پوڑی گڑھوال، 28 نومبر (ہ س)۔ اتراکھنڈ کے پوڑی گڑھوال ضلع کے رکھنی کھال علاقے میں ہفتے کے روز ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ کلواڑی گاو¿ں کے قریب مسافروں سے بھری ایکو کار بے قابو ہو کر سڑک سے تقریباً 300 میٹر نیچے گہری کھائی میں جا گری۔ اس حادثے میں آٹھ افراد کی موت ہو گئی، جب کہ چار افراد زخمی ہیں۔ حادثے کے وقت گاڑی میں ڈرائیور سمیت کل 12 افراد سوار تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور راحت و بچاو¿ کا کام شروع کر دیا۔ ریسکیو ٹیم نے کافی مشقت کے بعد کھائی میں پھنسے چاروں زخمیوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ وہیں، آٹھوں مہلوکین کی لاشیں بھی کھائی سے نکال لی گئیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیویندر پینچا نے بتایا کہ گاڑی رکھنی کھال سے بھنگلواڑ کی جانب جا رہی تھی۔ اسی دوران کلواڑی کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ راحت رسانی اور بچاو کی کاروائی کے دوران اب تک چار زخمیوں کو کھائی سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے، جب کہ اس سڑک حادثے میں آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے۔ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی مرکز رکھنی کھال پہنچایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں کانتی دیوی، اہلیہ دنیش چندر، ساکن بھنگلواڑ، عمر 45 سال؛ ریکھا دیوی، اہلیہ پریم سنگھ، ساکن بھنگلواڑ، عمر 42 سال؛ انل دیورڑا، ولد جیا نند، ساکن بھنگلواڑ، عمر 48 سال (ڈرائیور)؛ سمترا دیوی، اہلیہ رمیش سنگھ، ساکن بھنگلواڑ، عمر 50 سال؛ سنیتا دیوی، اہلیہ مدن سنگھ، ساکن بھنگلواڑ، عمر 45 سال؛ دھنیشوری دیوی، اہلیہ کشن چندر، ساکن بھنگلواڑ، عمر 46 سال؛ سروجنی دیوی، اہلیہ موہن سنگھ، ساکن بھنگلواڑ، عمر 38 سال؛ اور رجنی دیوی، ساکن بھنگلواڑ، عمر 25 سال کی موت ہو گئی۔ زخمیوں میں ششی دیوی، اہلیہ جیندر سنگھ، ساکن بھنگلواڑ، عمر 35 سال؛ شکنتلا دیوی، اہلیہ مہندر سنگھ، ساکن بھنگلواڑ، عمر 45 سال؛ جگدیش سنگھ، ولد بھوپال سنگھ، ساکن بھنگلواڑ؛ اور ستیہ وتی دیوی، اہلیہ جگدیش، ساکن بھنگلواڑ، عمر 36 سال شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اس دل دہلا دینے والے حادثے میں جان گنوانے والوں کے سوگوار اہل خانہ کے ساتھ میری گہری تعزیت ہے۔ ایشور سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کی روحوں کو اپنے قدموں میں جگہ عطا فرمائے اور غم زدہ اہل خانہ کو اس ناقابل تلافی صدمے کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر راحت و بچاو¿ کے کاموں میں تیزی لانے اور زخمیوں کو مناسب علاج فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شدید زخمی افراد کو ایئرلفٹ کرکے اعلیٰ طبی مراکز میں پہنچانے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد