

۔ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کی تیاریاں تیز، ریٹائرڈ جج ویدیہ ناتھن اور پارتھیبن مندر پہنچے
۔عقیدت مندوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے 16 میڈیکل ٹیمیں اور آٹھ ایمبولینس تعینات
تروپّرن کندرم، 28 نومبر (ہ س)۔ تمل ناڈو کے تروپّرن کندرم میں واقع مروگن مندر کی پہاڑی پر بنے دیپ استمبھ پر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے آج شام دیپ جلایا جائے گا۔ اس سلسلے میں مندر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ دیپجلائے جانے کے منظر کا گواہ بننے کے لیے صبح سے ہی بڑی تعداد میں عقیدت مند مندر پہنچنے لگے ہیں۔ ممکنہ بھیڑ کے پیش نظر انتظامیہ نے سکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں۔
دیپ جلانے کی تیاریوں کے تحت دیپ استمبھ کے قریب لکڑی کے تختوں کی مدد سے ایک پلیٹ فارم تیار کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے 24 نومبر کو پہاڑی راستے پر واقع اچی پلّیار مندر تک ہی بجلی کی روشنی کا انتظام کیا گیا تھا۔ اب دیپ استمبھ تک بھی بجلی کی لائٹیں لگانے کا کام تیزی سے کیا جا رہا ہے۔
سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے مقرر کیے گئے ریٹائرڈ جج ویدیہ ناتھن اور پارتھیبن ہفتے کے روز تروپّرن کندرم مروگن مندر پہنچے۔ دونوں نے مندر میں پوجا ارچنا کی۔ اس کے بعد وہ دیپ جلانے میں استعمال ہونے والی دھات کی ایک بڑی کڑاہی لے کر پہاڑی پر گئے۔
دیپ استمبھ تک جانے کے خواہش مند عقیدت مند صبح سے ہی قطاروں میں اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔ پولیس ہر عقیدت مند کی جانچ کر رہی ہے۔ آدھار کارڈ دکھانے کے بعد ہی لوگوں کو ایک ایک کرکے پہاڑی پر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ بھیڑ کو قابو میں رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
دیپ جلانے کے دوران ممکنہ طور پر بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کے پیش نظر محکمہ صحت نے بھی خصوصی تیاریاں کی ہیں۔ عقیدت مندوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے آٹھ موبائل میڈیکل ٹیموں سمیت مجموعی طور پر 16 طبی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ بھیڑ والے علاقوں میں تیزی سے پہنچنے کے لیے دو پہیہ گاڑیوں پر مشتمل چار طبی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ ہنگامی صورت حال میں مریضوں کو اسپتال پہنچانے کے لیے آٹھ ایمبولینس تیار رکھی گئی ہیں۔ محکمہ صحت نے بزرگوں، بچوں، دل کے مریضوں اور حاملہ خواتین کو پہاڑی پر چڑھنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انتظامیہ اور پولیس عقیدت مندوں کی حفاظت یقینی بنانے اور دیپ جلانے کی تقریب کو خوش اسلوبی سے مکمل کرانے میں مصروف ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد