
نئی دہلی، 28 نومبر (ہ س)۔ دہلی پولیس نے راوز ایونیو کورٹ کو بتایا ہے کہ کانگریس رہنما سونیا گاندھی کا نام 1983 میں ہندوستانی شہریت ملنے سے تین سال پہلے ہی ووٹر فہرست میں شامل کیے جانے کے الزامات سے متعلق شکایت کو متعلقہ پولیس تھانے بھیج دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ونود جوشی نے معاملے کی اگلی سماعت 14 دسمبر کو مقرر کرنے کا حکم دیا۔
دہلی پولیس کی جانب سے داخل کی گئی ایکشن ٹیکن رپورٹ کے مطابق، اس معاملے کو آئی پی اسٹیٹ تھانے سے تغلق روڈ پولیس تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، کیونکہ یہ معاملہ اسی تھانے کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ اس پر عدالت نے دہلی پولیس سے پوچھا کہ قانون کی کس دفعہ کے تحت اس معاملے کو تغلق روڈ تھانے بھیجا گیا ہے۔
اس سے پہلے عدالت نے 18 نومبر کو دہلی پولیس سے ایکشن ٹیکن رپورٹ طلب کی تھی۔ 18 نومبر کو شکایت کنندہ اور وکیل وکاس ترپاٹھی نے 1980، 1981 اور 1983 کی تصدیق شدہ ووٹر فہرستوں کی نقل جمع کرائی تھیں۔ 21 ستمبر کو اسپیشل جج وشال گوگنے نے معاملہ مجسٹریٹ کو واپس بھیجتے ہوئے کہا تھا کہ اس پر دوبارہ غور کیا جائے اور معقول حکم جاری کیا جائے۔ وشال گوگنے نے کہا تھا کہ مجسٹریٹ کورٹ کا حکم معقول نہیں ہے۔
مجسٹریٹ کورٹ کے حکم کو وکیل وکاس ترپاٹھی نے سیشن کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ اس سے پہلے 11 ستمبر کو ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ویبھو چورسیا نے عرضی خارج کر دی تھی۔ عرضی میں کہا گیا تھا کہ ووٹر لسٹ میں سونیا گاندھی کا نام 1980 میں ہی شامل کر دیا گیا تھا، جب کہ وہ 1983 میں ہندوستانی شہری بنی تھیں۔
عرضی میں کہا گیا تھا کہ سونیا گاندھی کا نام دہلی کے نئی دہلی اسمبلی حلقے کی ووٹر لسٹ میں 1980 میں ہی شامل ہو گیا تھا، جب کہ اس وقت وہ ہندوستانی شہری بھی نہیں تھیں۔ بعد میں 1982 میں سونیا گاندھی کا نام ووٹر لسٹ سے ہٹا دیا گیا اور پھر 1983 میں دوبارہ شامل کیا گیا۔ سونیا گاندھی کو 1983 میں ہندوستانی شہریت ملی تھی۔
عرضی میں کہا گیا تھا کہ سونیا گاندھی نے ہندوستانی شہریت کے لیے اپریل 1983 میں درخواست بھی دی تھی۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ جب سونیا گاندھی 1983 میں ہندوستانی شہری بنیں تو 1980 میں ان کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کرانے کے لیے کچھ فرضی دستاویزات جمع کرائے گئے ہوں گے، جو ایک قابل دست اندازی پولیس جرم ہے۔ ایسے میں عدالت سونیا گاندھی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے۔ مجسٹریٹ کورٹ نے اس معاملے میں نہ تو سونیا گاندھی کو نوٹس جاری کیا تھا اور نہ ہی دہلی پولیس کو۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد