
نئی دہلی، 28 نومبر (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما روی شنکر پرساد نے کانگریس رہنما راہل گاندھی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ راہل گاندھی وزیر اعظم بننے کے لیے اس قدر جلدی میں ہیں کہ پوری معلومات حاصل کیے بغیر حکومت پر الزامات لگانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ راہل گاندھی کو کسی بھی معاملے پر بولنے سے پہلے اس کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرنی چاہئیں۔ یہی نہیں، انہیں مشورہ دینے والے لوگوں کو بھی اپنا ہوم ورک اچھی طرح کرنا چاہیے۔
بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ہفتہ کے روز منعقدہ پریس کانفرنس میں لوک سبھا کے ارکان پارلیمنٹ کی تعداد بڑھا کر 850 کرنے کے معاملے پر راہل گاندھی کے بیان کا جواب دیتے ہوئے روی شنکر پرساد نے کہا کہ راہل گاندھی اسے ملک کے سیاسی جغرافیے کو توڑنے اور آمریت مسلط کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کانگریس حکومت کے دور میں بھی تین مرتبہ حلقہ بندی کی گئی تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب کانگریس کے دور حکومت میں حلقہ بندی ہوئی تھی تو کیا اس وقت ملک میں آمریت قائم ہوگئی تھی؟
انہوں نے ایمرجنسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آمریت جیسی صورت حال اس وقت پیدا ہوئی تھی، جب اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔
روی شنکر پرساد نے ارکان پارلیمنٹ کی تعداد بڑھانے کے معاملے پر برطانیہ کی مثال بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی آبادی تقریباً 5.88 کروڑ ہے، جبکہ وہاں ہاو¿س آف کامنز میں 650 ارکان پارلیمنٹ ہیں۔ اس کے برعکس ہندوستان کی آبادی 140 کروڑ سے زیادہ ہے۔ ایسے میں ہندوستان میں ارکان پارلیمنٹ کی تعداد بڑھانے پر بحث کرنا غلط کیسے ہوسکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو اس معاملے پر بلاوجہ الجھن پیدا کرنے کے بجائے حقائق کو سمجھنا چاہیے۔
ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے حوالے سے بھی روی شنکر پرساد نے راہل گاندھی کے دعوے پر سوال اٹھائے۔ راہل گاندھی کی جانب سے تقریباً 13 کروڑ ووٹروں کے نام فہرست سے حذف کیے جانے کے دعوے پر انہوں نے کہا کہ ان ناموں میں فوت ہوچکے ووٹر، دوسری جگہ منتقل ہونے والے افراد، ایک سے زیادہ مرتبہ درج نام اور غیر حاضر ووٹر شامل ہیں۔
ان کے مطابق، حذف کیے گئے ناموں میں تقریباً 2.8 کروڑ فوت شدہ ووٹر، 6.3 کروڑ دوسرے مقامات پر منتقل ہونے والے افراد، ایک کروڑ ڈپلیکیٹ نام اور تین کروڑ غیر حاضر ووٹر شامل ہیں۔ ایسے میں تمام ناموں کو فرضی قرار دینا درست نہیں ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کے حوالے سے راہل گاندھی کے بیان پر بھی سوال اٹھائے۔ روی شنکر پرساد نے کہا کہ راہل گاندھی کو یہ تک معلوم نہیں ہے کہ 2024 میں چیف الیکشن کمشنر کون تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی حقائق کی جانچ کیے بغیر مسلسل ایک جیسے الزامات لگارہے ہیں۔ ان کے مطابق راہل گاندھی کے بیانات ان کی سیاست میں مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں۔
خواتین کو بااختیار بنانے کے معاملے پر بھی روی شنکر پرساد نے کانگریس کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے خواتین کو ہر شعبے میں آگے بڑھانے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ ’ڈرون دیدی یوجنا‘ کے ذریعے خواتین کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑا جارہا ہے۔ چندریان اور منگل یان جیسے خلائی مشنوں میں بھی خواتین سائنس دانوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ فوج میں خواتین کو مواقع فراہم کرنے، انہیں مستقل کمیشن دینے اور خواتین کے نام پر زمین کی رجسٹریشن کو فروغ دینے جیسے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔
روی شنکر پرساد نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی خواتین کو صرف سرکاری اسکیموں کے فوائد تک محدود نہیں رکھنا چاہتے، بلکہ انہیں ملک کے فیصلے کرنے کے عمل میں بھی مضبوط اور مو¿ثر حصہ دار بنانا چاہتے ہیں۔ راہل گاندھی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور جمہوری نظام کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کام کررہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ